سفید پوش طبقے کی عزت نفس مجروح نہیں ہونے دیں گے‘رانا جمیل منج

متوسط طبقہ کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں بے نظیر سستا کھانا فراہمی کو یقینی بنائیں گے‘تقریب سے خطاب

اتوار 19 اپریل 2020 20:10

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2020ء) سفید پوش طبقے کی عزت نفس مجروح نہیں ہونے دیں گے،متوسط طبقہ کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں بے نظیر سستا کھانا فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار حلقہ این اے 136 سے پاکستان پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر رانا جمیل احمد منج نے بستی امین پورہ میں دوسرے سستے اسٹال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا :پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء رانا جمیل احمد منج نے کہا کہ کوروناوائرس کی وباء سے انتہائی غریب طبقہ اور سفید پوش طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے سدباب کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی عوامی جماعت پیپلز پارٹی کے کارکنان دن رات خدمت خلق میں مصروف عمل ہیں۔

غربا کے گھروں میں راشن پہنچانے کے بعد اب سفید پوش طبقہ کیلئے سستا کھانا اسکیم لاونچ کی گئی ہے جس کی بستی امین پورہ میں دوسری شاخ کا افتتاح کیا جار ہا ہے اس سے قبل اندرون شہر مدینہ مارکیٹ میں پہلی شاخ کام کررہی ہے سستا کھانا اسکیم کے تحت بیس روپے میں فی کس کھانا صبح دوپہر اور شام فراہم کیاجارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی قوم کو کورونا وائرس سے جلد از جلد نجات عنائیت فرمائے مگر جب تک وائرس کی وجہ سے کاروبار بند ہیں اسوقت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا اور اس کو مزید وسط دیتے ہوئے شہرکے دیگرز علاقوں تک پھیلایا جائے گا۔