صدرآزادکشمیر نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے اے ایس آئی کے گھر جاکر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا

جمعہ 1 مئی 2020 17:26

مظفر آباد ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2020ء) آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے اے ایس آئی شکیل احمد کے گھر واقع دھاریاں چھٹیاں تحصیل و ضلع ہٹیاں بالا میں جا کر مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی اور مرحوم کی والدہ، بیوہ، بیٹیوں اور بھائیوں سے ملاقات کرکے اس المناک حادثہ پر ان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر شکیل احمد جو ان کے سکیورٹی سٹاف کا حصہ تھے، کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس چوہدری لیاقت، ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا سردار عبدالوحید، سپرنٹنڈنٹ پولیس ارشد نقوی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ہٹیاں بالا رضا گیلانی، اکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر خواجہ عبدالوحید اور تحصیلدار ہٹیاں بالا کامران خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سوگوار خاندان اور معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مرحوم شکیل احمد ایک نہایت دیانتدار، فرض شناس اور مزاج کے اعتبار سے نیک طبیعت انسان ہونے کے علاوہ ایک پیشہ ور پولیس اہلکار تھے اور اٴْنہوں نے اپنے فرائض منصبی ہمیشہ محنت اور لگن کے ساتھ انجام دیئے۔

یہی وجہ ہے کہ وہ محکمہ پولیس اور صدارتی سیکرٹریٹ میں اپنے مزاج اور کردار کی وجہ سے یکساں ہر دلعزیز تھے۔ مرحوم اے ایس آئی شکیل احمد کے گھر تعزیت کرنے کے بعد واپسی پر صدر آزاد کشمیر اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسر ان نے مرحوم اے ایس آئی شکیل احمد کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور اٴْن کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔