سندھ میں بھی دیگر صوبوں کی طرح ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کی اجازت دی جائے، حافظ نعیم الرحمن

جمعہ 1 مئی 2020 21:03

سندھ میں بھی دیگر صوبوں کی طرح ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کی اجازت دی ..
کراچی۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2020ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لاک ڈائون سے ہر طبقہ متاثر ہوا ہے لیکن مزدور طبقہ اور تاجر برادری، دکاندار بہت زیادہ پریشان ہیں، ایس او پیز کے تحت دیگر صوبوں کی طرح کراچی سمیت سندھ کے چھوٹے تاجروں کو کاروبار کرنے دیا جائے، حکومت اور انتظامیہ کاروباری طبقے کی مشکلات کا ازالہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت ریلیف سینٹر، انجمن کمپلیکس، سخی حسن میں حیدری مارکیٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں سید اختر شاہد چیف پیٹرن،سید فراز احمد صدر حیدری و لیاقت آباد صرافہ ایسوسی ایشن، حسن جمیل صدر حیدی مارکیٹ ایسوسی ایشن،شکیل احمدجنرل سیکریٹری کے علاوہ ممبران مارکیٹ کمیٹی اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان، نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجیہ حسن بھی موجود تھے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ضلع وسطی کی سطح پر تاجر نمائندوں اور جماعت اسلامی کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو حکومتی اقدامات، ایس او پیز کا جائزہ لے کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ دنیا بھر کی طرح پورے پاکستان میں بھی یہ وبا ہے، ابتدائی طور پر سندھ حکومت نے جب مشاورت کی کہ ہم چاہتے ہیں کہ شہر کو بند کریں، اور اس دوران میں وہ تمام اقدامات کریں جس کے نتیجے میں ہم اس وبا کا مقابلہ کرسکیں، ابتدائی اقدامات میں جماعت اسلامی سمیت تمام جماعتوں نے ان کا ساتھ دیا، لیکن بدقسمتی سے سوائے لاک ڈائون کرنے کے جو کام حکومت کے کرنے کا تھا وہ نہیں کیا گیا، حکومت کہتی ہے کورونا کی وبا ہے اور اس سے محفوظ کرنے کے لئے ہم نے دکانیں بند کی ہوئی ہیں، لیکن کورونا کی وبا سے لڑنے والے ڈاکٹرز کو یہ سہولت تو فراہم کر نہ سکے نہ ان کو ضرور ت کے مطابق پی پی ای کٹس دی جا سکیں۔