بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ایک نوجوان کو شہید کردیا

حزب المجاہدین کے اعلی ترین کمانڈرریاض نائکو کی گرفتاری کے لئے بڑاآپریشن ں*مقبوضہ جموں وکشمیر پولیس کا ڈوڈہ اور پلوامہ میں دوعسکریت پسند کی گرفتاری کا دعوی

بدھ 6 مئی 2020 20:31

ٖسری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2020ء) مقبوضہ جموں وکشمیر میں پلوامہ ضلع میں ایک آپریشن کے دوران کھریو پانپور کے شارشالی علاقے میں فوج اور حریت پسندوں کے درمیان فائرنگ میں ایک نوجوان کو شہید کردیا گیاہے۔ پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع پر فوج کے 50 آرآر، سی آر پی ایف اور اونتی پورہ پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیاآس پاس رہنے والے رہائشیوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

اونتی پورہ میں 8 گھنٹے کے دوران یہ دوسری جھڑپ ہے۔ حزب المجاہدین کے اعلی کمانڈر ریاض نائکو کے ضلع پلوامہ کے بیگ پورہ گاوں میں آنے کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز بشمول راشٹریہ رائفلز، سی آر پی ایف اور ایس او جی نے مشترکہ طور پر گاوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا۔

(جاری ہے)

ساوتھ ایشین وائر کے مطابق جموں و کشمیر کے انتہائی مطلوب عسکریت پسند کمانڈر ریاض نائکو کے آبائی گاوں میں سکیورٹی فورسز نے منگل کی شام ایک بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔

حزب المجاہدین کے سربراہ ریاض نائکو کی گرفتاری کے لئے بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بیگ پورہ کے علاوہ گلزار پورہ گاوں کو بھی محاصرہ میں لے لیا ہے اور یہاں بھی تلاش کاروائی چلائی گئی۔ 8 جولائی 2016 کو اننت ناگ کے ضلع کوکرناگ علاقے میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حزب المجاہدین تنظیم کے پوسٹر بوائے اور کمانڈر برہان وانی کے شہید ہونے کے بعد ریاض نائیکو نے حزب المجاہدین کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق نائکو کے سر پر 12 لاکھ روپے کا انعام ہے۔۔