حکومت پنجاب شرح خواندگی کے مطلوبہ اور مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے درکار تمام وسائل مہیا کر رہی ہے، راجہ راشد حفیظ

ہفتہ 9 مئی 2020 13:14

حکومت پنجاب شرح خواندگی کے مطلوبہ اور مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2020ء) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب شرح خواندگی کے مطلوبہ اور مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے درکار تمام وسائل مہیا کر رہی ہے، کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے زیر عمل نئے منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چائییے، جو کام معرض التواء میں چلے گئے تھے ان پر ڈبل محنت اور توجہ دے کر انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، محکمہ خواندگی کے ملازمین کے سروس رولزکی بہتری اور ان کی بہبود کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا، محکمہ کے تمام ملازمین کو بھی چائیے کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری، محنت اور تندہی کے ساتھ ادا کرکے حکومت کی جانب سے مقرر کئے گئے اہداف بروقت مکمل کرنے میں اپنا کردار فعال طریقے سے ادا کریں، انہوں نے یہ بات محکمہ لٹریسی کے افسران کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں صوبائی وزیر نے جاری منصوبوں پر عمل درآمد اور پیش رفت کا جائزہ لیا، راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ لٹریسی اور تعلیم بالغاں کیلئے بنائے گئے تمام نئے منصوبے حقیقی معنوں میں شرح خواندگی میں اضافے کا باعث ہیں اور جیلوں سمیت دیگر جگہوں پر بالغ افراد کی تعلیم کو با مقصد بنانے کیلئے پہلی مرتبہ تعلیمی مراکز میں نئے فیچرز بھی شامل کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے جہاں دیگر بے شمار شعبے متاثر ہوئے ہیں وہیں ہمارے یہ منصو بے بھی سست روی کا شکار ہوئے ہیں تاہم مجھے اور آپ کو مل کر زیادہ محنت اور پورے خلوص کے ساتھ ان منصوبوں پر کام کرنا ہے اور لاک ڈائون کی وجہ سے ہونے والے تعطل کو ان کی بروقت تکمیل پر اثر انداز نہیں ہونے دینا، انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پہلی مرتبہ خواندگی اور تعلیم بالغاں کے مراکز میں علم کی روشنی حاصل کرنے والوں کو با مقصد تعلیم دینے کی شروعات کی ہیں، انہوں نے کہا کہ نئے تعلیمی مراکز کی تعمیر اور پہلے سے موجود مراکز کی تعمیر و توسیع اور مرمت سمیت ان کی اپ گریڈیشن کا کام رکنا نہیں چائییے، انہوں نے کہا کہ حکومت نے لاک ڈائون میں نرمی کرکے ایک اچھا فیصلہ کیا ہے جسے زیادہ اچھا ثابت کرنے کیلئے عوام الناس کو تمام تر احتیاطی تدابیر پر سختی کے ساتھ عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔