ٹڈی دل پر قابو نہ پایاگیا تو ملک قحط کا شکار ہوسکتا ہے،کاشف شیخ

وفاق اور سندھ آپس میں جھگڑنے کی بجائے اس ناگہانی آفت پر قابو پانے کیلئے لائحہ عمل بنائیں،رہنما جماعت اسلامی

ہفتہ 9 مئی 2020 15:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے سندھ اور جنوبی پنجاب میں ٹڈی دل کے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ سال ایران سے بلوچستان کے راستے حملہ آور ٹڈی دل نے سندھ کے مختلف اضلاع میں فصلوںکو ناس کردیا ہے، کورونا اور معاشی بدحالی کے شکار کاشتکار اس ناگہانی آفت سے سخت مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں، وفاق اور سندھ حکومت کورونا کی طرح ٹڈی دل کے معاملے پر بھی آپس میں دست وگریباں ہونے کی بجائے مؤثرحکمت عملی کے ذریعے کاشتکاروں کو اس وبا سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ اس وقت سندھ میں ربیع کی فصل کٹائی کے مرحلے میں ہے،آم،امرود،خربوزہ،مرچ سمیت دیگر سبزیات کی فصلیں تیار ہیں ایسے میں ٹڈی دل کے حملے کی وجہ سے سندھ کا کاشتکار جو پہلے ہی کورونا اور معاشی مسائل میں گھرا ہوا ہے مزید بے چینی کا شکار ہے، خیرپور سے شروع ہونے والا ٹڈی دل کا حملہ تھرپاکر،دادو،جامشوروو سے ہوتے ہوئے اب حیدرآباد تک پہنچ چکا ہے لیکن نااہل حکمران ٹڈی دل کیخلاف جنگ کرنے کی بجائے آپس میں دست وگریباں ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی اور صوبائی زراعت کی وزارتیں، زرعی تحقیقاتی ادارے، زرعی یونیورسٹیز آخر کس مرض کی دوا ہیں، تمام تر وسائل ہونے کے باوجود ٹڈی دل کے حملوں سے بچائو اور خاتمے کیلئے مناسب کاروائی نہ ہونا بہت بڑا المیہ ہے۔سندھ اور وفاقی حکومت نے بروقت کاروائی نہ کی تو خدشہ ہے کہ سندھ سمیت پورا ملک بڑے پیمانے پر غذائی قلت کا شکار ہوسکتا ہے، اسلئے وفاق اور سندھ حکومت فوری طور پر آپس کی سیاسی چپلقش کو ختم کرکے ٹڈی دل جیسے ناگہانی آفت کیخلاف جنگی بنیادوں پر کاروائی کریں،ترکی،چین جیسے دوست ممالک کی معاونت سے فضائی اسپرے کے ذریعے ٹڈی دل پر کنٹرول کرکے سندھ کے کاشتکاروں کو اس موذی وبا سے نجات دلائی جائے ،اگر کورونا کی طرح ٹڈی دل کے معاملے پر بھی سستی اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی گئی تو سندھ کی زراعت اور کاشتکار بہت بڑے نقصان جبکہ ملک میں غذائی قلت کا بحران پیدا ہوسکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری سندھ اور وفاقی حکومت پر عائد ہوگی۔