پاکستان میں کورونا سے مزید 18 افراد جاں بحق، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 640 ہوگئی

1939 نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 28745 تک جاپہنچی، 7756 مریض صحت یاب

ہفتہ 9 مئی 2020 21:25

پاکستان میں کورونا سے مزید 18 افراد جاں بحق، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2020ء) ملک میں کورونا وائرس سے مزید 18 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 640 ہوگئی ، نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 28745 تک جاپہنچی ہے،7756 مریض صحت یاب ہوگئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ہفتہ کوملک بھر سے کورونا کے مزید 1939 کیسز اور 18 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سندھ سے 1080 کیسز 4 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 182 کیسز اور 13 ہلاکتیں، پنجاب 438 کیسز، بلوچستان 151 کیسز، گلگت بلتستان 36 کیسز ایک ہلاکت، اسلام آباد 51 کیسز اور آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

سندھ میں اب تک 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 1080 ہے جب کہ 4 افراد بھی جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5498 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ٹیسٹوں کی تعداد 87108 ہوگئی ہے ، 24 گھنٹوں میں کیے گئے ٹیسٹوں میں 1080 نئے کیسز سامنے آئے۔سندھ میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 771 تک جا پہنچی ، ہلاکتیں 180 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 80 افراد صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2020 ہوگئی ہے۔پنجاب سے اب تک کورونا کے مزید 438 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کی۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 10471 ہوگئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے گزشتہ روز پنجاب میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 194 بتائی تھی تاہم اب اس میں 3 نمبرز کی کمی کردی گئی ہے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 191 بتائی گئی ہے۔

پنجاب میں کورونا سے اب تک 4131 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں اب تک کورونا کے مزید 151 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1876 ہوگئی ہے۔صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24 ہوئی ہے ، 222 افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 51 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 609 ہوگئی ہے ، شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں مزید 36 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی جس کی تصدق محکمہ صحت گلگت بلتستان نے کی۔گلگت میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 430 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اموات 4 ہوگئی ہیں۔گلگت میں کورونا وائرس سے اب تک 303 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر سے کورونا کا ایک کیس سامنے آیا ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 79 ہوگئی ہے اور 60 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔خیبر پختونخوا میں ہفتے کو کورونا سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 234 تک جاپہنچی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 182 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4509 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 1086 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔