ممکن ہےامتحانات سے متعلق وفاقی حکومت کے فیصلے پرعمل کریں، سعید غنی

امتحانات سے متعلق منگل کو ہماری میٹنگ ہے، ماہرین تعلیم سے مشاورت کرکے فیصلہ کریں، وہی فیصلہ کریں گے جو طلباء کے حق میں بہتر ہوگا۔ وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کی ”اردوپوائنٹ“ سے خصوصی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 10 مئی 2020 23:47

ممکن ہےامتحانات سے متعلق وفاقی حکومت کے فیصلے پرعمل کریں، سعید غنی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 مئی 2020ء) وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ممکن ہے امتحانات سے متعلق وفاق کے فیصلے پر عمل کریں، امتحانات سے متعلق منگل کو ہماری میٹنگ ہے، ماہرین تعلیم سے مشاورت کرکے فیصلہ کریں، وہی فیصلہ کریں گے جو طلباء کے حق میں بہتر ہوگا۔ انہوں نے ”اردوپوائنٹ “ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست سے مداخلت ختم ہوجائے اور لوگوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا آئینی حق مل جائے تو حالات ٹھیک ہوجائیں گے، الیکشن میں پورے پاکستان میں گڑبڑ ہوتی ہے۔

لیکن کراچی کے شہری شاید سب سے زیادہ بدقسمت ہیں، کہ پچھلے جوچھ سات الیکشن ہوئے ہیں ، ان کراچی کے عوام نے جن کو ووٹ دیا ہے وہ جیت کر آیا ہو۔ کراچی خاص طور پر نشانے پر ہوتا ہے۔ الیکشن 2018ء میں بھی کئی سیٹیں پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کی چھین لی گئیں۔

(جاری ہے)

میرے حلقے کے مسائل سے متعلق جو بات کی جاتی ہے، اور جو پروگرام کیا گیا تھا تب میں سینیٹ میں تھا۔

جس سکول کا تذکرہ کیا جاتا ہے یہ بلدیہ کا سکول ہے۔ لیکن یہاں دو منٹ کے فاصلے پر ایک بڑا سکول ہے جو کراچی کے بہترین چار پانچ سکولوں میں ہے۔ لیکن یہ سکول نہیں دکھایا گیا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کے تینوں بچے بڑے قابل ہیں، بختاور بی بی کو سیاست کا شوق نہیں، آصفہ کو شوق بھی ہے اور صلاحیت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات سے متعلق منگل کو ہماری میٹنگ ہے، ممکن ہے امتحانات سے متعلق جو فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا ہے وہی سندھ حکومت بھی کرے۔

میں عقل کل نہیں ہوں ، ماہر تعلیم نہیں ہوں، تعلیم کا ایک پورا نظام ہے، ہم کوشش کرتے ہیں کہ ماہرین تعلیم کے ساتھ مشاورت کرکے فیصلہ کریں، ایسے فیصلے زیادہ مناسب ہوتے ہیں۔ مارچ میں ہم نے پورے سال کا اکیڈمک پلان جاری کردیا تھا، لیکن تب کسی صوبے نے نہیں کیا تھا۔ہم وہی فیصلہ کریں گے جوطلباء کے حق میں ہوگا۔