وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے انسٹی ٹیوٹ آف انرجی اینڈ اینوائرمنٹل انجینئرنگ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا

پیر 11 مئی 2020 21:38

لاہور۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2020ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے نیو کیمپس میں انسٹی ٹیوٹ آف انرجی اینڈ اینوائرمنٹل انجینئرنگ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم، چیف انجینئیر فیض الحسن سپرا و دیگر موجود تھے۔

منصوبے کی فنڈنگ ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ عمارت کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پاکستان کو درپیش ماحول اور توانائی کے شعبوں میں قومی مسائل کو حل کرنے میں پنجاب یونیورسٹی اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے توانائی کے شعبے میں مضبوط ہونا بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماحول اور توانائی کے شعبوں میں مستقبل میں روزگار کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول اور توانائی کے شعبوں میں بہترین گریجوایٹس پیدا کریں گے۔ ڈاکٹر نیاز احمد نے عمارت کے تعمیراتی ٹھیکے میں دو کروڑ اکتالیس لاکھ روپے کی بچت کرنے پر چیف انجینئیر فیض الحسن سپرا کی کاوشوں کو خوب سراہا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے چیف انجینئیر فیض الحسن سپرا نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف انرجی اینڈ اینوائرمینٹل انجینئرنگ کی عمارت کی تعمیر کا تخمینہ 28 کروڑ روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی عمارت کی تعمیر اٹھارہ ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔