سندھ میں آٹھویں تک کے طلبا کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنے کا اعلان

بورڈ قوانین میں بغیر امتحان کے طلبا کو پروموٹ نہیں کیا جاسکتا، سعید غنی کی میڈیا سے بات چیت

منگل 12 مئی 2020 16:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2020ء) سندھ حکومت نے آٹھویں تک کے طلبا کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔کراچی میں محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران سعید غنی نے کہا کہ آج اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں تفصیل سے مشاورت ہوئی، کمیٹی نے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے بچوں کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بچوں کو گزشتہ برس کی کارکردگی کی بنیاد پر پروموٹ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہمیں طلبا کے مشکلات کا اندازہ ہے، ایسا کوئی فیصلہ نہیں کریں گے جس سے طلبا کی مشکلات میں اضافہ ہو، بورڈ قوانین میں بغیر امتحان کے طلبا کو پروموٹ نہیں کیا جاسکتا۔ بورڈ امتحانات پر وفاق سے بات کرکے فیصلہ کریں گے۔ اس کے لیے ہمیں ایک وقت کے لیے ترمیم یا آرڈیننس لانا ضروری ہوگا۔سعید غنی نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد زندگی بدل چکی ہے، کوئی پتہ نہیں کب کورونا کی ویکسین بنے، ہمیں احتیاط سے کام کرنا ہوگا اور وائرس سے خود کو بچانا ہوگا، این سی سی کے اجلاس میں 15جولائی تک اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا، یکم جون کو صوبہ سندھ کے اسکول نہیں کھلیں گے، اسکول کھولنے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔