متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 725نئے کیسز سامنے آگئے،مزید 3مریض جاں بحق

مملکت میں میں کورونا مریضوں کی تعداد 20,386 ہو گئی، اموات کی تعداد 206 تک پہنچ گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 13 مئی 2020 23:15

متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 725نئے کیسز سامنے آگئے،مزید 3مریض جاں ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13مئی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 725نئے کیسز سامنے آگئے,مزید 3مریض جاں بحق، اعدادوشمار کے مطابق مملکت میں میں کورونا مریضوں کی تعداد 20,386 ہو گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 206 تک پہنچ گئی ہے۔ مملکت میں کورونا سے شفا یاب ہونے والوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 631 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ۔

مملکت میں کورونا کے مجموعی طور پر 6,523 مریض شفا یاب ہو چکے ہیں۔وزارتِ صحت کے مطابق ابھی تک ملک میں 15لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ یاد رہے کہ مملکت میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی گنتی کے پیش نظر اماراتی حکام نے قومی سلامتی سے متعلق ایک نئے قانون کی منظوری دے دی ہے۔ اس نئے قانون کے مطابق جو افراد کورونا سے متعلق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں دس لاکھ درہم تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ چھ ماہ تک کی سزا بھی بُھگتنا ہو گی۔ اماراتی پبلک پراسیکیوشن کے مطابق نیشنل سیفٹی سے متعلق نیا قانون لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی حکومتی مہم کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے لاگو کیا جا رہا ہے تاکہ مملکت میں کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ اس قانون کا اطلاق تمام قسم کی ہنگامی صورت حال، بحرانی کیفیت اور آفات سے جنم لینے والے حالات پرہو گا، جن کے دوران تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کا نیشنل ایمرجنسی ، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے احکامات اور قواعد و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہو گا۔

واضح رہے کہ دُبئی میں 26 مارچ سے 16 اپریل تک مملکت میں جاری سٹیریلائزیشن مہم کے دوران 52 ہزار سے زائد افراد کو کرفیو اور کورونا سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے گئے۔ دُبئی پولیس کے مطابق 38,702 افراد ایسے تھے جو بغیر کسی ضروری کام کے گھروں سے نکلے جس پر انہیں بھاری جرمانے کیے گئے۔ ان افراد کو نہ تو اپنی ڈیوٹی پر جانا تھا نہ انہیں کوئی ضروری سامان خریدنا تھا، بس تفریح کی خاطر یہ لوگ گھروں سے باہر نکلے تھے، جس کا نتیجہ انہیں جرمانے کی صورت میں بھُگتنا پڑا۔

جبکہ 10,286 افراد ایسے تھے جنہوں نے ماسک نہیں پہن رکھا تھا یا انہوں نے سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات کی خلاف ورزی کی۔ 3,969 افراد کو اپنی گاڑیوں میں تین سے زائد افراد کو سوار کرانے پر جرمانوں کی سزا بھُگتنا پڑی۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر ریڈارز کی جانب سے بھی 58,641 ٹریفک خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں۔ دُبئی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے لوگوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ گھروں پر ہی رہیں اور نیشنل سٹیریلائزیشن مہم کے دوران احتیاطی تدابیر کو ہرگز نظر اندازنہ کریں۔