آزادکشمیر میں 3G اور 4G کی لائسنسنگ کا معاملہ پی ٹی اے کے دائرہ کار میںآتا ہے ،

حکومت آزادکشمیر نے معاملہ وفاقی سطح پر اٹھایا ہوا ہے،ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی

جمعرات 14 مئی 2020 19:59

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2020ء) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے روز سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ممبر اسمبلی محمد صغیرچغتائی کے قلیل المہلت سوالات کے جواب میں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے کہا کہ آزادکشمیر میں 3G اور 4G کی لائسنسنگ کا معاملہ پی ٹی اے کے دائرہ کار میںآتا ہے ۔

حکومت آزادکشمیر نے معاملہ وفاقی سطح پر اٹھایا ہوا ہے ۔ 3G اور 4G کی لائسنسنگ میں 3,4 ماہ کا وقت لگ سکتا ہے اس لیے ہم نے پی ٹی اے سے تحریک کی ہے کہ 2 ماہ کے لیے عارضی طور پر آزادکشمیر میں موبائل کمپنیوں کو 3G اور 4G سپیکٹرم دیا جائے تاکہ انٹرنیٹ کی سروس بہتر ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں موبائل کمپنیوں کو بند کر نا یا چلانا پی ٹی اے کے دائرہ کار میں آتا ہے ۔

(جاری ہے)

البتہ سروس کی بہتری کے لیے موبائل کمپنیوں سے بھی بات چیت ہو رہی ہے ۔ اجلاس میں ممبر اسمبلی ملک محمد نواز کے توجہ طلب نوٹس کے جواب میں وزیر قانون و پارلیمانی امور سردار فاروق احمد طاہر نے ایوان کو بتایا کہ کرونا وائرس کی وباء کے دوران لاک ڈاون کی وجہ سے دیہاڑی دار طبقہ اور دیگر بے روزگار ہونے والوں کے لیے وفاقی حکومت نے احساس پروگرام کے تحت مالی امدا د کی ہے علاوہ ازیں حکومت آزاکشمیر بھی ڈرائیورز ، دیہاڑی دار طبقے کی مالی معاونت کے لیے سروے کرر ہی ہے اور جلد ہی ان لوگوں کو مالی امداد دی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر اور حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے اللہ کا شکر ہے کہ آزاد کشمیر میں کرونا وباء کنٹرول میں ہے ۔ ممبر اسمبلی محترمہ رفعت عزیز کے توجہ طلب نوٹس کے جواب میں وزیر قانون و پارلیمانی امور سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ رمضان المبارک میں اعتکاف پر بیٹھنے کے لئے وزیر اعظم آزادکشمیر کے علماء کرام کے ساتھ مشاورت کے بعد ایس او پی طے کیے گئے ہیں اور اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز صاحبان کو بھی ہدایات دی ہیں کے وہ اپنے اپنے اضلاع میں وہاں کے حالات کے مطابق ترمیم بھی کر سکتے ہیں۔ بعد ازاں آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 19مئی بروز منگل دن 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔