لاک ڈاون کی نرمی کا فائدہ ضرور اٹھائیں مگر اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کیلیے حفاظتی اقدامات کو ضرور مدنظر رکھیں،راجہ مشتاق منہاس

کرونا وباء ابھی تک پوری طرح ختم نہیں ہوئی ،لوگوں کو چاہیے کہ وہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں،وزیر اطلاعات و سیاحت آزاد کشمیر

اتوار 17 مئی 2020 16:50

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2020ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت۔ سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ لاک ڈاون کی نرمی کا فائدہ ضرور اٹھائیں مگر اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کیلیے حفاظتی اقدامات کو ضرور مدنظر رکھیں۔اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ کرونا وباء ابھی تک پوری طرح ختم نہیں ہوئی ہے اس لئے لوگوں کو چاہیے کہ وہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے بروقت اقدامات کی وجہ سے آزادکشمیر میں کرونا پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا مریضوں کی ایک بڑی تعداد صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکی ہے جو ابھی تک اس مرض کا شکار ہیں ان کا علاج جاری ہے۔انہوں نے کہا ہمیں ملکر اس بیماری کا مقابلہ کرنا ہے اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ وہ لاک ڈاون میں نرمی کی وجہ سے فائدہ ضرور اٹھائیں مگر حفاظتی انتظامات کو ضرور مد نظر رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں و قائدین کو اعتماد میں لیکر وزیراعظم نے یہ ثابت کیا کہ مسلم لیگ ن مشاورت پر یقین رکھتی ہے اور وہ تمام فیصلے جن کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے بھی مشاورت سے ہی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اگلے ایک ہفتے جس میں انہوں نے عید کی خریداری بھی کرنی ہے الرٹ رہنا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عید سادگی سے منائیں اور بجائے اسکے کہ آپ عید کی خریداری پر رقم خرچ کریں وہی رقم کسی ضرورت مند کو دیکر ایثار کا مظاہرہ کریں تاکہ معاشرے کا وہ طبقہ جو کرونا کی وجہ سے بے حد متاثر ہوا ہے وہ اپنا خرچ چلا سکے۔