پاکستان تحریکِ انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کاسیاست سے بالاتر ہو کر عوام کیلئے مل کر کام کرنے کا عہد

منگل 19 مئی 2020 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2020ء) پاکستان تحریکِ انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے وفود نے مشکل کی اس گھڑی میں سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کیلئے مل کر کام کرنے کا عہد کیاہے۔منگل کو حکومتی اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قائم کردہ بلوچستان کمیٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے وفود کی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے چیمبر میں ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومتی کمیٹی کے وفد میں کمیٹی سربراہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری شامل تھے جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے وفد میں سیکرٹری جنرل بلوچستان نیشنل پارٹی سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات چیئرمین قائمہ کمیٹی آغا حسن بلوچ شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں 6 نکاتی ایجنڈا پر مذاکرات کیے گئے۔ پاکستان تحریکِ انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے وفود نے مشکل کی اس گھڑی میں سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کیلئے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔ملاقات میں ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات، مستحقین کی امداد کے لیے دیئے گئے وفاقی حکومت کے امدادی پیکچز، بجٹ اجلاس اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔