ملک میں کورونا کی وجہ سے پہلے اداکار کی ہلاکت

کچھ روز قبل کورونا کا شکار ہونے والے معروف اداکار صغیر الہٰی انتقال کر گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 مئی 2020 15:38

ملک میں کورونا کی وجہ سے پہلے اداکار کی ہلاکت
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-21مئی2020ء) اسٹیج, ٹی وی اور فلموں کے نامور اداکار صغیر الہی عالمی وبا کورونا کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ان کی تدفین ایدھی رضاکاروں نے ایس او پیز کے تحت کی۔کچھ روز قبل اداکارصغیر الہی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہیں طبیعت بگڑنے پر آئی سی یو وارڈ میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔گزشتہ روز صغیر الہی زندگی کی بازی ہار گئے۔

انتقال کے بعد ان کا جسد خاکی بذریعہ ایمبولینس گھر پہنچایا گیا جبکہ ایدھی رضاکاروں کو بھی طلب کیا گیا جن کی جانب سے ایس او پیز کے تحت انتقال کرنے والے اداکار کے جسد خاکی کو سپرد خاک کیا گیا۔صغیر الہی کا تعلق لاڑکانہ کی کھچی برادری سے تھا۔ان کے انتقال کے بعد کھچی برادری سے تعلق رکھنے والے متوفین کی تعداد 11ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی رکن اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئی تھیں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف نے شاہین رضا کی کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہین رضا کی چار روز قبل طبیعت ناساز ہوئی تھی اور حالت بگڑنے پر انہیں علاج کے لیے ڈی ایچ کیو شفٹ کیا گیا تھا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھی۔جس کے بعد انہیں لاہور منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ دم توڑ گئیں۔۔شاہین رضا گوجرانوالہ ضلع سے پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب اسمبلی تھیں۔ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت کئی اہم شخصیات کورونا کا شکار ہوچکی ہیں لیکن ملک میں کورونا سے کسی منتخب رکن اسمبلی کی یہ پہلی ہلاکت ریکارڈ ہوئی ہے۔

قبل ازیں نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین کے بھائی میاں سریر حسین کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کرگئے۔میاں سریر حسین 2 دن سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے آئی سی یو وارڈ میں زیرِ علاج تھے۔نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے اپنے بھائی میاں سریر حسین کی موت کی تصدیق کی۔