عوام اس سال عید سادگی سے کریں اور اپنے گھروں میں رہیں ،وزیر اعظم آزاد کشمیر

مقبوضہ کشمیر کے دلیر بہادر اور اپنی آزادی عزت و غیرت پر سمجھوتہ نا کرنے والے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں،راجہ محمد فاروق حیدر

ہفتہ 23 مئی 2020 00:02

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2020ء) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ عوام اس سال عید سادگی سے کریں اور اپنے گھروں میں رہیں پیاروں کی سلامتی کے لیے ایک دوسرے سے نا ملیں ۔مقبوضہ کشمیر میں آٹھ ماہ سے بدترین لاک ڈاون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔مقبوضہ کشمیر کے اندر رمضان المبارک میں شہریوں کا قتل عام جاری رہاہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر کے دلیر بہادر اور اپنی آزادی عزت و غیرت پر سمجھوتہ نا کرنے والے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ جمعتہ الوداع کے مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ دنیا کو آج ایک بہت بڑی وبا کا سامنا ہے جس سے انسانیت پر کڑا وقت ہے ۔ابھی تک تمام تر ٹیکنالوجی کے باوجود اس بیماری کا کوئی علاج دریافت نہیں ہوا ۔مساجد اللہ کا گھر اور خیر و نیکی کا منبع ہیں کاروبار کھلا ہے تو یہ بند نہیں کر سکتے ۔ہمیں اللہ کا ذکر کرتے ہوے اس سے معافی کا طلبگار ہونا ہے ۔