وزیر اعظم عمران خان نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے بڑا اقدام اٹھایا ہے ،چینی بحران سے متعلق فرانزک رپورٹ منظر عام پر لانا نمایاں پیش رفت ہے،وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان

جمعہ 22 مئی 2020 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے بڑا اقدام اٹھایا ہے ،چینی بحران سے متعلق فرانزک رپورٹ منظر عام پر لانا نمایاں پیش رفت ہے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر تحقیقات کرنا اور اسے پبلک کرنا آسان نہ تھا پی پی پی اور ن لیگ والے ایسا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کرپشن کو جڑسے اکھاڑنے کے لئے اب قواعد و ضوابط بننے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے ارکان نے کہا ہے کہ چینی بحران کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اب اس معاملہ پر ایف آئی اے آگے آئے اور ذمہ داران کے خلاف عدالتی کارروائی ہو۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر ہم روایتی سیاست سے باہر نہ نکلیں تو ترقی نہیں کرسکیں گے، اپوزیشن میں رہ کر تنقید کرنا آسان ہوتا ہے حکومت میں آکر حالات بہتر بنانا آسان نہیں ،وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کرے گی تاکہ ملک میں خوشحالی لائی جاسکے ۔