پی آئی اے طیارہ حادثے پر ائیر بس کمپنی کا ردعمل، افسوس کا اظہار

پاکستانی حکام کیساتھ رابطے میں ہیں اور حادثے کے بعد تحقیقات کے حوالے سے تمام تکنیکی تعاون فراہم کیا جا رہا ہے: اعلامیہ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 مئی 2020 01:13

پی آئی اے طیارہ حادثے پر ائیر بس کمپنی کا ردعمل، افسوس کا اظہار
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2020ء) پی آئی اے طیارہ حادثے پر ائیر بس کمپنی کا ردعمل، افسوس کا اظہار، جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کیساتھ رابطے میں ہیں اور حادثے کے بعد تحقیقات کے حوالے سے تمام تکنیکی تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز کراچی میں پی آئی اے کے طیارے ائیربس اے 320 کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں طیارہ آبادی والے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔

آخری اطلاعات تک سوائے 3 مسافروں کے، دیگر تمام مسافر اور عملہ جاں بحق ہو چکا ہے۔ اس واقعے کے حوالے سے اب ائیربس کمپنی کی جانب سے بھی خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کراچی طیارہ حادثے پر افسوس اور غم کا اظہار کیا گیا ہے۔ کمپنی حکام نے حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ یقین دہانی کروائی ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں پاکستانی حکام کیساتھ رابطے میں رہ کر انہیں مکمل تکنیکی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کراچی ایئرپورٹ کے قریب جمعہ کی دوپہر سوا دو بجے کے قریب پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 8303 گر کر تباہ ہوگئی۔ ایئربس 320 میں 107 افراد سوار تھے۔ جن میں 99 مسافر اور عملے کے 8 افراد شامل ہیں۔ ایئربس 320ایک بج کر 10 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ سے کراچی کیلئے روانہ ہوئی۔ پی آئی اے کی پرواز لاہور سے کراچی پہنچی تھی کہ لینڈنگ سے قبل طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔

طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کیلئے بالکل تیار تھا۔ پائلٹ نے لینڈنگ کا سگنل بھی دے دیا تھا۔ لیکن طیارے کا لینڈنگ سے ایک منٹ قبل کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا اور ماڈل کالونی کی آبادی میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ گرنے کی ابتدائی وجوہات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لینڈںگ کے دوران طیارے کے پہیے نہیں کھل رہے تھے جس پر پائلٹ طیارے کو لینڈنگ کی ناکام کوشش کے بعد دوبارہ فضاء میں لے گیا اور چکر لگانے کے بعد دوبارہ لینڈنگ کیلئے واپس آیا، تاہم اس موقع پر طیارے کے دونوں انجن فیل ہوگئے اور طیارہ ائیرپورٹ کے قریب ہی آبادی میں گر کر تباہ ہوگیا۔