چیئرمین بی اوی آئی عاطف بخاری کی چیئر مین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے ملاقات

حکومت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے خصوصی اقدامات کرے گی‘عاطف بخاری

ہفتہ 23 مئی 2020 13:59

چیئرمین بی اوی آئی عاطف بخاری کی چیئر مین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) وزیر مملکت اور چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ عاطف بخاری نے کہا ہے کہ حکومت خصوصی اقتصادی زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں زیادہ سرمایہ کاری لانے اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے خصوصی اقدامات کرے گی جسے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے تحت سی پیک کے ترجیحی منصوبے کے طور پر مکمل کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ہفتہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔نعاطف بخاری نے کہا کہ فیڈمک کے ون ونڈو آپریشن میں تمام وفاقی اور صوبائی محکموں کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کی جائے گی تاکہ موقع پر ہی تمام رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی او آئی اور فیڈمک مشترکہ منصوبے کے تحت مختلف ممالک میں روڈ شوز کا انعقاد کریں گے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کے صدر کا سرکاری دورہ پاکستان جلد متوقع ہے اس لئے چینی سرمایہ کاروں کے وفود کے استقبال کے لئے فیڈمک کو ابھی سے تیاری شروع کردینی چاہئے۔ عاطف بخاری نے کہا کہ حکومت کاروبار شروع کرنے ، ٹیکس ادائیگیوں ، کریڈٹ وصولیوں، مسائل کے حل ، تعمیراتی اجازت نامے ، سرحدوں کے پار تجارت ، جائیداد کی رجسٹریشن ، بجلی کے حصول سمیت نئے کاروبار کے لئے تمام نو اشاریوں کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کیلئے فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق کی کاوشوںکو بھی سراہا۔ چیئرمین بی او آئی اور چیئر مین فیڈمک نے ملک میں سرمایہ کاری کے امکانات اور ان شعبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جن میں غیر ملکی سرمایہ کار دلچسپی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں اور جو مجموعی معاشی ترقی اور جی ڈی پی کی شرح میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔

کورونا وباء کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) فریم ورک کے تحت ترجیحی منصوبے کے طور پر تعمیر کیا جارہا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے براہ راست احکامات کے تحت اس کی تشکیل کی جارہی ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے ملک میں صنعتی دور کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں قائم کی جانے والی صنعتوں کو مشینری کی درآمد پر 10 سالہ ٹیکس چھوٹ حاصل ہوگی۔ انڈسٹریل کے لئے اضافی سہولیات میں ایک ٹیکنیکل یونیورسٹی بھی شامل ہے۔ میاں کاشف نے بتایا کہ فیڈمک نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی (این پی ایچ ای) کے تعاون سے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے مزدوروں کے لئے 10 ہزار فلیٹ تعمیر کرے گی اور انہیں لانے لے جانے کیلئیجلد ہی شٹل ٹرین شروع کی جائے گی۔

فیصل آباد ایکسپریس کی طرز پر ساہیاں والا سے چنیوٹ تک ایک اور نئی سڑک تعمیر کی جائے گی تاکہ اسپیشل اکنامک تک آسان رسائی حاصل ہوسکے۔ میاں کاشف اشفاق نے مختلف منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین بی او آئی عاطف بخاری کو فیڈمک کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی اور عید کی تعطیلات کے بعد دورے کی یقین دہانی کرائی۔