ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے ممکنہ التوا پر بی سی سی آئی کی وضاحت

آئی پی ایل کیلئے ونڈو کی خاطر میگا ایونٹ کو موخر نہیں کرانا چاہتے :ارون دھومل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 مئی 2020 14:29

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے ممکنہ التوا پر بی سی سی آئی کی وضاحت
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مئی 2020ء ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے ممکنہ التوا پر بی سی سی آئی نے آخرکار وضاحت کردی اور بھارتی بورڈ کے خزانچی ارون دھومل کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کیلئے ونڈو کی خاطر میگا ایونٹ کو موخر نہیں کرانا چاہتے البتہ یہ بات قابل غور ضرور ہے کہ اگر جگہ دستیاب ہوئی تو آئی پی ایل کو اکتوبر اور نومبر میں کرانے کی کوشش کریں گے ۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث بی سی سی آئی کا 530 ملین ڈالرز کا ایونٹ آئی پی ایل منسوخی کے خدشے سے دوچار ہے اور آسٹریلین میڈیا سمیت دنیا بھر میں یہ افواہیں گرم ہیں کہ بھارتی حکام ممکنہ نقصان سے بچاؤ کیلئے آئی پی ایل کی خاطر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے التوا کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ارون دھومل کا کہنا تھا کہ ایک حالیہ اجلاس کے دوران اس معاملے پر گفتگو ہو چکی اور انہوں نے اپنی رائے دے دی جس پر فیصلہ آئی سی سی کا کام ہے اور بی سی سی آئی از خود ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو آگے بڑھانے کی کوشش کیسے کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ آسٹریلیا میگا ایونٹ کو شیڈول کے مطابق کرانے کیلئے پرعزم ہے تو بھارت کی کسی بھی تجویز سے کیا فرق پڑ سکتا ہے جب کہ شائقین کے بغیر ایونٹ کا انعقاد بھی کرکٹ آسٹریلیا کی مرضی پر منحصر ہے تاہم کیا اس ٹورنامنٹ کو خالی میدانوں پر کرانا درست ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ حالات بہتر ہو رہے ہیں لہٰذا انہیں ہر فیصلہ منظور ہوگا۔