ڈیرہ اسماعیل خان، کڑی شموزئی میں اراضی کے تنازع پر ماں بیٹا زخمی

ہفتہ 23 مئی 2020 16:54

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) تھانہ چودھوان کی حدود کڑی شموزئی میں اراضی کے تنازع پر مسلح ملزمان نے ماں بیٹے کو چاقو،چھریوں اور فائرنگ سے زخمی کردیا ،چار ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا ،علاقہ کڑی شموزی کی رہائشی پچاس سالہ خاتون لائقہ بی بی زوجہ عمرخان استرانہ نے پولیس کو بتایا کہ میرا بیٹا محمد یوسف گھر سے باہر نکلا تو ملزمان اشرف ،لقمان ،ہاشم پسران خدائے رحم اور عرفان نے اس پر چھریوں اور چاقوئوں سے حملہ کردیا اور بعدازاں اس پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا ،شورشرابے پر میں اپنے بیٹے کو بچانے کے لئے گھر سے باہر نکلی تو ملزمان نے خنجر کے وار کرکے مجھے زخمی کیا جبکہ پسٹل سے فائرنگ کی جس سے بازو پر زخمی ہوئی ،جبکہ میرے بیٹے نے زخمی حالت میں بھاگ کر اپنی جان بچائی ،وجہ عداوت تنازع اراضی اور سابقہ لڑائی جھگڑا بیان کیاگیا ،پولیس نے خاتون کی رپورٹ پر چاروں ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مخالف فریق لقمان نے تھانہ چودھوان میں رپورٹ درج کرائی کہ دس روز قبل ملزمان عمرخان ولد حاجی نعمت ،یوسف ،عیسیٰ ،پسران عمرخان اقوام استرانہ جوکہ ہمارے قریبی رشتہ دار ہیں مسلحہ بہ پسٹل ،خنجر وکلہاڑی ہمارے گھر میں آئے مجھے پسٹل کے بٹ ،کلہاڑی اور جنجر کے وار سے زخمی کیا جبکہ میری بیٹی شفیقہ بی بی کو بھی خنجر کے وار سے زخمی کیا ہے ،وجہ عداوت بھتہ کی رقم نہ دینے پر تنازع بیان کیاگیا ،پولیس نے عمر خان اور اس کے دو بیٹوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا۔