صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیموں کا مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کو ہراساں کئے جانے پراظہارتشویش

ہفتہ 23 مئی 2020 16:57

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیموں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت پولیس کی طر ف سے صحافیوں کو ہراساں کئے جانے پر شدیدتشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تازہ ترین واقعہ سرینگر کے صحافی اور ہفتہ وارکشمیروالا کے ایڈیٹر فہد شاہ کے ساتھ پیش آیا جنہیں سٹی پولیس نے طلب کرکے شہر میں مجاہدین اور بھارتی فوجیوں کے درمیان حال ہی میں ہونے والی جھڑپ کی رپورٹنگ کے بارے میں پوچھ گچھ کی ۔

اس جھڑپ کے دوران بھارتی فوجیوں نے کم از کم 15 مکانات کو تباہ کیا اور نقدی اور زیورات سمیت قیمتی سامان لوٹ لیاتھا۔ برسلز میں قائم انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے بلا وجہ فہدشاہ کو 20 مئی کو اسٹیشن بلایا۔

(جاری ہے)

پولیس سٹیشن پہنچنے پر شاہ کو بتایاگیاکہ اس کی خبروں کی اشاعت کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہے۔دریں اثنا ء نیو یارک میں قائم کمیٹی ٹوپروٹیکٹ جرنلسٹس نے اپنے بیان میں فہد شاہ کو ان کی رپورٹنگ پر طلب کرنے کو صحافتی آزادی کی خلاف ورزی اور کشمیر میں صحافیوں کو ہراساں کرنے اور دھمکانے کے لئے جاری مہم کا حصہ قراردیاہے۔

سی پی جے نے کہاکہ پولیس کومداخلت کے بغیر صحافیوں کو اپنا کام کرنے کی اجازت دینی چاہئے۔جموں وکشمیر سائبر پولیس نے اپریل میںاسی طرح تین کشمیری صحافیوں کو ان کے کام کے سلسلے میں طلب کیاتھاجس کے بعد آئی ایف جے نے کہا تھا کہ کشمیری پولیس کورپورٹنگ سمیت صحافیوں کے حقوق کا احترام اور اطلاعات کے آزادانہ بہائو کا تحفظ کرنا چاہئے۔ آئی ایف جے نے کشمیر پولیس پرزوردیاتھاکہ وہ اپنے طرزعمل پر نظر ثانی کرے جس کے نتیجے میں صحافیوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔