طویل عرصے بعد کل24 مئی کو اسلامی دنیا ایک ساتھ عید منائے گی

تمام اہل اسلام کو پیشگی عید مبارک ہو، کل 24 مئی اتوار کو پوری اسلامی دنیا سعودی عرب، ایران، ترکی، انڈونیشیا، پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی دن عید ہوگی، چاند کی لوکیشن دیکھنے کیلئے ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔ وفاقی وزیرفواد چودھری کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 مئی 2020 17:47

طویل عرصے بعد کل24 مئی کو اسلامی دنیا ایک ساتھ عید منائے گی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2020ء) وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ میری طرف سے تمام اہل اسلام کو پیشگی عید مبارک ہو، کل 24 مئی اتوار کو پوری اسلامی دنیا سعودی عرب، ایران، ترکی، انڈونیشیا، پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی دن عید منائیں گے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اہل اسلام کو عید مبارک کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ پوری اسلامی دنیا ایک ہی دن عید منائے، کل ایک طویل عرصے بعد سعودی عرب، ایران، ترکی، اینڈونیشیا، پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی دن یعنی 24 مئ کو عید منائیں گے۔

انہوں نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ سانگھڑ ، بدین، ٹھٹھہ ، جیوانی، پسنی میں چاند7 بج کر36 منٹ سے8 بج کر14منٹ تک چاند دیکھا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

بدین میں چاند سب سے زیادہ واضع ہے اگر ان علاقوں میں موسم خراب نہیں تو دور بین لیکر چھت پر چڑھیں اور اپنی ویڈیو بھی شیئر کریں۔ اسی طرح فواد چودھری نے رویت ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا اسمارٹ فون میں رویت ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اورچاند کی لوکیشن دیکھیں۔

اسی طرح فواد چودھری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مشکلات پر قابو پانا ہی زندگی ہے، انشااللہ مشکل وقت سے نکلیں گے، مذہبی تہواروں کو یکجہتی کی وجہ بننا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چاند کو زمین کے گرد چکر مکمل کرنے میں 29 دن سے کچھ زیادہ لگتا ہے، سورج کی روشنی میں چاند نظر نہیں آتا، سورج غروب ہونے اور چاند نکلنے میں 38 منٹ کا فرق ہونا چاہیے، چاند کی اونچائی 6.5 ڈگری ہونی چاہیے، چاند نظر آنے کا کم سے کم زاویہ 9 ڈگری کا ہونا چاہیے، 22 مئی کی رات 10 بجکر 39 منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند 7 بجکر 36 منٹ سے 8 بجکر 14 منٹ تک دیکھا جاسکتا ہے، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند کی عمر 20 گھنٹے ہوگی، پشاور میں ہفتہ کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں، ہم نے تجاویز وزیراعظم آفس کو بھجوا دی ہیں، جو وزیراعظم فیصلہ کریں گے ہم فالو کریں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کی پریس کانفرنس کے جواب میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ شریعت اور دین چاند کی رویت اور شہادت پر اعتماد کرتی ہے، شہادت اور رویت کے لئے سائنس اور جدید آلات کی معاونت لی جا سکتی ہے، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندہ کو بھی اس دفعہ مرکزی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ فواد چودھری میرے اچھے دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند چاند کھیل رہے ہیں مگر عید کا فیصلہ علما کرام ہی کریں گے۔