کورونا کیخلاف قائد حزب اختلاف دبنگ کی بجائے ملنگ بنے ڈرائنگ روم میں ماسک لگائے بیٹھے ہیں‘فیاض الحسن چوہان

شہباز شریف کمرے سے باہر نکلیں تو انہیں پتہ چلے حکومت پوری حکمت عملی سے کرونا کیخلاف اقدامات کر رہی ہے‘وزیر اطلاعات

منگل 26 مئی 2020 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آج سارا پاکستان ’’کرونا سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہے‘‘کے نعرے پر عمل پیرا ہے لیکن ہمارے قائد حزب اختلاف دبنگ کی بجائے ملنگ بنے ڈرائنگ روم میں ماسک لگائے بیٹھے ہیں۔اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کمرے سے باہر نکلیں تو انہیں پتہ چلے حکومت پوری حکمت عملی سے کرونا کیخلاف اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب فروری سے کرونا کے خلاف بہادری سے جنگ لڑ رہا ہے۔ پنجاب میں کرونا ٹیسٹنگ کیپسٹی 5000 یومیہ تک پہنچ چکی ہے، سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر نو لیبارٹریز کو بی ایس ایل تھری لیول پر اپ گریڈ کیا جا چکا ہے، پنجاب بھر میں وافر قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں اور ملک بھر میں دستیاب وینٹی لیٹرز میں سے 17 فیصد زیر استعمال ہیں۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا شہباز شریف بتائیں مسلم لیگ (ن)کا اب تک ملک میں کرونا کے خلاف کیا کردار رہا ہے،ابھی تک (ن) لیگ نے ایک آنے دھیلے کا خرچہ کرونا کے حوالے سے نہیں کیا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بطور قائد حزب اختلاف قوم کو اس مشکل وقت میں لیڈ کرنا شہباز شریف کا فرض بنتا تھا لیکن شہباز شریف نے ابھی تک اپنی بے عملی سے قوم کو شدید مایوس کیا ہے۔