لیاری والے بندوقیں جمع کرائیں،ان کو فٹبال مہیا کرینگے، حلیم عادل شیخ

طیارہ حادثے میں سندھ حکومت کی کوئی ایمبولینس نہیں تھی اور نہ ہی سندھ حکومت کا پی ڈی ایم اے کا کوئی ادارہ نظر نہیں آیا،رہنما تحریک انصاف

بدھ 27 مئی 2020 16:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ لیاری میں بچوں کے ہاتھوں میں بندوقیں تھما دی گئی ہیں، ہم لیاری کے بچوں کے لیے مہم شروع کر رہے ہیں، لیاری کے لوگ بندوقیں جمع کروائیں ہم ان کو فٹبال مہیا کریں گے۔حلیم عادل شیخ نے اپنے ایک بیان میں سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارہ حادثے میں سندھ حکومت کی کوئی ایمبولینس نہیں تھی اور نہ ہی سندھ حکومت کا پی ڈی ایم اے کا کوئی ادارہ نظر نہیں آیا، طیارے حادثے کے جائے وقوعہ پر پہنچے تو پولیس، رینجرز، فوج اور ایدھی نظر آئی۔

حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ اس طیارہ حادثے کی رپورٹ سامنے آئے گی ، پی آئی اے اور انشورنس کمپنی رابطے میں ہیں، پورے سندھ میں گراونڈ لیول پر پی ٹی آئی جڑی ہوئی ہے، پی ٹی آئی سندھ حکومت کو چھوڑے گی نہیں، پی ٹی آئی سندھ حکومت کو بینقاب کرے گی ۔

(جاری ہے)

حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سعید غنی کو ہر معاملے پر بھیج دیا جاتا ہے، سعید غنی کا تعلق کیا ہوا بازی سے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بوجھا اور ایئر بلو کی رپورٹ پر پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی بتائے۔حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ آج تک پھوپھو کے خلاف کوئی انکوائری کمیٹی نہیں بنی، لوگ کتوں کے کاٹنے اور کچی شراب سے مرگئے، سندھ حکومت مسجد، امام بارگاہ بند کرتی ہے اور شراب خانے کھولتی ہے، ایسا لگتا ہے شراب خانے کورونا فری زون ہے، سارے شراب کھانے مکیش چاولہ کے ما تحت آتے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ہم اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں بلکہ اس کے غلط استعمال کے خلاف ہیں، اٹھارویں ترمیم کا پیسہ کہاں جاتا ہے کسی کو علم نہیں۔قومی ایئر لائن کے طیارہ حادثے میں ہونے والی جانی نقصان سے متعلق حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ مزید 50 لاکھ تمام لواحقین کو دلوائیں گے۔