توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں عدم حاضری پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

احتساب عدالت کا آصف علی زرداری سمیت تمام ملزمان کو 11 جون کو پیش ہونے کا حکم

جمعہ 29 مئی 2020 14:53

توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں عدم حاضری پر سابق وزیراعظم محمد نواز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) احتساب عدالت نے توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں عدم حاضری پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، سابق صدر آصف علی زردای کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے 11 جون کو لازمی پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے توشہ خانہ سے گاڑیوں کے ریفرنس پر سماعت کی۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہو ئے۔ قومی احتساب بیورو نیب نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی پیشی سے متعلق عدالتی ثمن کی جاتی امرا میں تعمیل کروائی،سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل نے حاضری سے استثنی کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ سابق صدر علیل ہیں آج کی حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

(جاری ہے)

نیب نے آصف علی زرداری کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست کی مخالفت کی نیب پراسیکوٹر نے آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹس پراعتراض کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزم کی ایک حاضری لازمی تھی، آصف علی زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جائے، وکیل آصف علی زرداری نے کہا کہ نیب نے رپورٹ دیکھے بغیر ہی اعتراض کردیا ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ محمد نواز شریف کی طرف سے کون پیش ہوا ہے۔

نیب پراسیکوٹر سردار مظفر عباسی نے بتایا محمد نواز شریف کی طرف سے کوئی بھی پیش نہیں ہوا، ملزم انور مجید دوسرے کیس میں گرفتار ہیں انہیں سپرنٹنڈنٹ جیل کے ذریعے لایا جائے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گاڑیوں کی قیمت ایف بی آر کو متعین کرنا تھی، اگر قانون کے مطابق نہ ہوتا تو مجھے سمری کیوں بھجوائی گئی۔ عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکر تے ہوئے ہدایت جاری کیں کہ آصف علی زرداری آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنائیں، عدالت نے آصف علی زرداری سمیت تمام ملزمان کو 11 جون کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔