کووڈ۔19 سے دنیا میں تبدیلی آئی ہے اور اس سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے،

ہمارے پاس اس صورتحال میں کاروبار ی ماڈل کو تبدیل کرنے کا بھی موقع ہے، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن، برآمدات کو بڑھانے سمیت حکومت نے تمام شعبوں پر توجہ مرکوز کی ہے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبد الرزاق دائود کا وزارت تجارت کے کووڈ۔19 سے متعلق تھنک ٹینک اجلاس سے خطاب

جمعہ 29 مئی 2020 22:30

کووڈ۔19 سے دنیا میں تبدیلی آئی ہے اور اس سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ کووڈ۔19 سے دنیا میں تبدیلی آئی ہے اور اس سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے، ہمارے پاس اس صورتحال میں کاروبار ماڈل کو تبدیل کرنے کا بھی موقع ہے، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن، برآمدات کو بڑھانے سمیت حکومت نے تمام شعبوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت تجارت کے کووڈ۔19 سے متعلق تھنک ٹینک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وڈیو لنک اجلاس جمعہ کو مشیر تجارت کی زیر صدارت ہوا جس کا مقصد کووڈ۔19 کے برآمدات پر اثرات کو کم کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرنا ہے، تھنک ٹینک سیکرٹری تجارت، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹریڈ ڈپلومیسی) ڈائریکٹر جنرل (ٹیکسٹائل) اور نمایاں صنعتوں پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کورونا وائرس کے برآمدات پر اثرات اور ان کو کم کرنے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر تجارت عبد الرزاق دائود نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر تبدیلی آئی ہے اور اس سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کے اشیاء و مصنوعات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر خدمات کے شعبہ میں پیدا ہونے والے مواقع میں بھی اپنا حصہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کے حکومت معیشت کو وسعت دینے، مسابقتی عمل میں شامل ہونے، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اور سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ صنعتی شعبہ کے نمائندوں نے حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے برآمدات کیلئے فروغ کے کاروباری لاگت کم کرنے کی تجویز دی۔