متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو پی آئی اے نے سُکھ کی خبر سُنا دی

یکم جون سے 10جون تک امارات اور سعودیہ سے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے 50 پروازیں چلائی جائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 30 مئی 2020 14:54

متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو پی آئی اے نے ..
دُبئی(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-30مئی2020ء) متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا کے بعد ہزاروں پاکستانی پھنس کر رہ گئے ہیں جن میں وہ افراد بھی شامل ہیں جنہيں معاشی بحران کے باعث ملازمتوں سے فارغ کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ وزٹ ویزہ پر گئے افراد بھی بے تابی سے وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ پی آئی اے کی جانب سے دونوں ممالک میں پھنسے اسّی ہزار کے لگ بھگ پاکستانیوں کو اچھی خبر سُنا دی گئی ہے۔

اُردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی خان سے بات چیت کے دوران پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے بتایا ہے کہ یکم جون سے 10جون تک امارات اور سعودیہ سے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے 50 پروازیں چلائی جائیں گی۔ ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان نے بیرون ملک سے واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کی وطن واپسی کا عمل تیز کرتے ہوئے خصوصی پروازوں میں اضافہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے نے  یکم سے 10 جون تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے پچاس سے زائد پروازیں شیڈول کی ہیں۔اس کے علاوہ اومان قطر بحرین سمیت یورپ سے  بھی خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ دس جون تک شیڈول پروازوں کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے پی آئی اے کی 25 جبکہ متحدہ عرب امارات ایئر لائینز کی 9 پروازیں شیڈول ہیں۔جبکہ  سعودی عرب سے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے پی آئی اے اور سعودی ایئر لائنز کی 16 پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔مسافروں کو اسلام آباد، پشاور، لاہور، کراچی اور ملتان ایئر  پورٹس پر لایا جائے گا جہاں پہلے سے بنائے گئے ضابطہ کار کے تحت مسافروں کی سکرینگ کی جائے گی۔