پیپلز پارٹی کی نظریاتی بنیاد شہید ذوالفقار بھٹو کے بعد ختم ہو چکی ہے،فائزہ رشید

پیر 1 جون 2020 19:44

پشاور۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) قومی وطن پارٹی کی خاتون رہنما اور سابق ایم پی اے ڈاکٹر فائزہ رشید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی نظریاتی بنیاد شہید ذوالفقار بھٹو کے بعد ختم ہو چکی ہے اور پارٹی کی قیادت بھی بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد نہیں رہی ،پارٹی میں کارکنان قیادت نہ ہونے کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فائزہ رشید نے پشاور پریس کلب میںاپنے دیرینہ سیاسی کارکنان اور قومی وطن پارٹی کے سینئر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا ڈاکٹر فائزہ رشید نے کہا کہ کوئی پارٹی بڑی یا چھوٹی نہیں ہوتی ، نظریہ اسکو بڑا اور چھوٹا بناتا ہے ،انہوں نے کہا کہ میرے والد نے جب پیپلز پارٹی میں شمولیت کی تھی اُس وقت پارٹی میں 30افراد پر مشتمل تھی جو بعد میں پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی ابھر کے سامنے آئی اور الیکشن بھی جیتا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرفائزہ رشید نے کہا کہ موجودہ پیپلز پارٹی میں نظریاتی سیاست نہیں ہے اسی لئے پارٹی ایک صوبہ تک محدود ہو کے رہ گئی جبکہ کارکنان کی داد رسی نہیں ہوتی جبکہ کارکنان کے قربانیوں کی وجہ سے ہی پیپلز پارٹی قائم ہیں ۔ آخر میں ڈاکٹر فائزہ رشید نے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب خان شیرپاوہ اور صوبائی صدر سکندر حیات خان شیر پاوہ اور دیگر قائدین کا پارٹی میں شمولیت کی دعوت پر شکریہ ادا کیا اور عزم کیا کہ اپنے صلاحیتیوں اور محنت سے قومی وطن پارٹی کے کامیابی کیلئے کام کرونگی۔