سی این جی شعبہ سے وابستہ افراد کا پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

منگل 2 جون 2020 18:29

پشاور۔02 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے صوبائی چیئرمین فضل مقیم خان اور دیگر کر رہے تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے حق میں نعرے درج تھے انہوں نے کہا کہ سی این جی واحد سیکٹر ہے جوکہ ماحول دوست اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں ممدو معاون ہونے کے ساتھ 5 لاکھ ملازمین اور ان سے جڑے خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

سی این جی سیکٹر سے وابستہ افراد کو شدید مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اربوں روپے کی سرمایہ کاری بھی ڈوبنے سے ملکی معیشت کو نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس ٹیرف کو جون 2018والے پرانے ریٹ 700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک لائی جائے کیونکہ موجودہ قدرتی گیس کا ریٹ دیگر صنعتوں کے مقابلہ میں کافی زیادہ ہے بالخصوص پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر بتدریج کمی آرہی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے پنجاب میں کئی سی این جی پمپس بند ہوچکے اور اب خیبر پختونخوا میں بھی بند ہورہے ہیں۔