مسلم لیگ (ن) کے رہنماء شیخ طاہر رشید طویل علالت کے بعد برطانیہ میں انتقال کرگئے

بدھ 3 جون 2020 15:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماء شیخ طاہر رشید طویل علالت کے بعد برطانیہ میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر64برس تھی۔جگر کے عارضے کے باعث لندن میں زیر علاج تھے۔طاہررشید کا تعلق روہتک سے ہجرت کرکے ملتان آباد ہونیو الے خاندان سے تھا۔ان کے والد شیخ محمد رشید تحریک پاکستان کے کارکن اور ملتان کی بلدیاتی سیاست کے مرکزی کردارتھے۔

وہ ضیاء دور میں مجلس شوری اور غیرجماعتی قومی اسمبلی کے رکن بھی رہے۔شیخ طاہر رشید 20اپریل1956 ء کو ملتان میں پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تعلیم ملت ہائی سکول سے حاصل کی۔میٹرک گورنمنٹ کمپری ہنسو سکول گلگشت اور ایف اے ایمرسن کالج بوسن روڈ سے کیا۔جامشورو یونیورسٹی سے بی اے کا امتحان پاس کیا۔شیخ طاہررشید 1987ء میں ملتان کارپوریشن کے رکن منتخب ہوئے۔

1990ء میں آئی جے آئی کے ٹکٹ پر ایم پی اے بنے۔ 4993ء میں مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر تنویر گیلانی کے مقابلے میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔وہ 1997ء میں دوسری مرتبہ ن لیگ ہی کے ٹکٹ پر ایم این اے بنے۔ 2006میں شیخ طاہر رشید مسلم لیگ (ق)میں شامل ہوئے اور اس کے مرکزی نائب صدر منتخب ہوئے۔2011ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور2012ء میں دوبارہ مسلم لیگ میں آگئے۔