بلاول بھٹو زرداری، قمر الزمان کائرہ اور چوہدری منظور احمد کا پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی کارکن لالہ خوشی محمد کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار

جمعرات 4 جون 2020 00:10

قصور / اسلام آباد ۔ 3 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ اور جنرل سیکرٹری چوہدری منظور احمد نے پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی کارکن اور ذوالفقار علی بھٹو شہید کے ساتھی لالہ خوشی محمد کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لالہ خوشی محمد پارٹی کے ناصرف نظریاتی کارکن تھے بلکہ انہوں نے مسلسل تین نسلوں تک پارٹی کے لیے بے پناہ کام کیا اور بے شمار قربانیاں دیں ایسے کارکنوں کی بدولت ہی پاکستان پیپلزپارٹی آ ج بھی اس ملک کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہے اور محنت کش طبقات کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے ۔

پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی مزدوروں کسانوں اور محنت کش نوجوانوں کی پارٹی ہے اس پارٹی میں جن لوگوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے کے لیے تاریخی کام کیا، لالہ خوشی محمد ان لوگوں میں شامل تھے ۔

(جاری ہے)

جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری منظور احمد نے کہا کہ لالہ خوشی محمدپارٹی کے ان رہنماؤں میں شامل تھے جن سے ہمارے جیسے کارکنوں نے بہت کچھ سیکھا، وہ پارٹی کا اثاثہ تھے اور ہم جیسے افراد کو نوجوانی میں پارٹی میں لیکر آئے ان کی خدمات کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہے۔

انہوں نے کہاکہ لالہ خوشی محمدکا تعلق اس نسل سے تھا جنہوں نے پارٹی کے لیے بے پناہ مشکلات سہیں ان کی وفات ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کے خوابوں کی تعمیر کے لیے کسی طاقت سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا۔