امام خمینیؒ نے استعماری قوتوں کیخلاف اسلامی وحدت و بیداری پیداکی،متحدہ علماء محاذ

امام خمینیؒ نے بیت المقدس کو اسلامی دنیا کا اولین اہمیت کا مسئلہ بنایا ،مولانا انتظار الحق تھانوی،مولانا محمدا مین انصاری

جمعرات 4 جون 2020 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2020ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے مرکزی صدر علامہ مرزایوسف حسین کی زیر صدارت بانی اسلامی انقلاب ایران آیت اللہ امام خمینیؒ کی برسی کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب میں مختلف مکاتب فکر کے علماء و سیاسی زعما نے عالمی سطح پر قبلہ اول بیت المقدس اوراتحاد بین المسلمین کے حو الے سے امام خمینی کے کردار و خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی جیسے درویش بوریا نشین عظیم مفکر و مدبر، دور اندیش حکمران نے اپنے ملک و قوم کو استعماری ظالم جابر ایجنٹ شاہ ایران سے نجات دلاکر ایران کو ترقی کی راہ پرگامزن کیا اور امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اس کی رعونت کو مسترد کردیا ۔

امام خمینی نے امریکہ اسرائیل و استعماری قوتوں کے خلاف اسلامی وحدت و بیداری کی فضا پیداکی اور مسئلہ فلسطین کو اسلامی دنیا کا اولین موضوع بنا کر اسلامی ملکوں میں قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کی تحریک کو جلا بخشی۔

(جاری ہے)

جہاد افغانستان میں مجاہدین کے خلاف روسی پیشکش کو مستردکردیا۔ ایران پر امریکی پابندیاں انسانی حقوق کے منافی اور ظلم و جبر و ناانصافی کی عکاس ہیں۔

پاک ایران دیرینہ تعلقات خطے میں امن و خوشحالی کی ضمانت ہیں۔شام میں خلیفہ راشد عمر ابن عبد العزیر و دیگرمقدس شخصیات کے مزارات کی بحرمتی کرنے والے اصحاب رسول و اہلبیت اطہار کے باغی اور استعماری قوتوں کے ایجنٹ ہیںجواسلامی دنیا میں شیعہ سنی فسادات و منافرت کی آگ بھڑ کا کر مسلم امہ کومنتشر و کمزور کرکے مذموم خونی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیںجس کے خلاف علماء متحد وبیدار ہیں محاذ کے سرپرست و مہمان خصوصی مولانا انتظار الحق تھانوی ، چیرمین علامہ عبدالخالق فریدی ،نائب صدور علامہ علی کرارنقوی،علامہ شاہدین اشرفی،بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدا مین انصاری ،صوبہ پنجاب کے صدرعلامہ آغا نیئر عباس جعفری،جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید عقیل انجم قادری، مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی،آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری،علامہ زاہد حسین ہاشمی مشہدی، مولانا منظرالحق تھانوی،علامہ سید قرة العین عابدی،علامہ سید سجاد شبیر رضوی، مفتی وجیہہ الدین،علامہ حفیظ اللہ ہادیہ صدیقی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروز الدین رحمانی،پی پی پی رہنمایعقوب احمد شیخ، سواد اعظم یوتھ فورس کراچی کے صدر حافظ گل نواز،میڈیا سیکریٹری حافظ ساجد ودیگر نے امن و یکجہتی کے قیام اورمساجدو عوامی مقامات پر کورونا وائرس سے بچائو کے لیے تمام تر احتیاطی و حفاظتی تدابیراور ایس او پیزپرسختی کے ساتھ عمل کرنے کی پردرد ہمدردانہ اپیل کی ۔