آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں معمولی اضافے کا امکان

آئندہ مالی سال میں ٹیکس آمدن میں اضافہ مشکل ہے، جس کے باعث حکومتی اخراجات کو بھی کم سے کم رکھا جائے گا، تین بجٹ اجلاسوں میں تنخواہیں دس فیصد، پانچ فیصد اور بالکل نہ بڑھانے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 جون 2020 15:23

آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں معمولی اضافے کا امکان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2020ء) آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں معمولی اضافہ ممکن ہے، آئندہ مالی سال میں ٹیکس آمدن میں اضافہ مشکل ہے، جس کے باعث حکومتی اخراجات کو کم سے کم رکھا جائے گا، تین بجٹ اجلاسوں میں تنخواہیں دس فیصد، پانچ فیصد اور بالکل نہ بڑھانے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال 21-2020ء کے دوران ٹیکس آمدن میں اضافہ مشکل ہے۔

جس کے باعث اگلے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں معمولی اضافہ ہی ممکن ہے۔ اسی طرح آئندہ مالی سال کے دوران حکومتی اخراجات کو کم سے کم رکھا جائے گا۔ جبکہ آئندہ بجٹ میں سود کی ادائیگیوں کے بجٹ کو کم نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح بجٹ کے حوالے سے تین اجلاس ہوچکے ہیں، جس میں ایک اجلاس میں سرکاری مالزمین کی تنخواہیں دس فیصد بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی، ایک اجلاس میں پانچ فیصد اور ایک میں کورونا کے باعث معاشی مشکلات کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بالکل اضافہ نہ کرنے کی بھی تجاویز دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے وفاقی بجٹ 21-2020ء کی تیاری پرآج پھر وزیراعظم ہاؤس میں اہم اجلاس ہوگا۔ جس میں وزیراعظم عمران خان کو بجٹ تجاویز پر بریفنگ دی جائے گی۔ حکومتی معاشی ٹیم وزیراعظم کو بجٹ میں عوامی ریلیف پلان پر بریف کرے گی۔ اجلاس میں مشیر خزانہ، وفاقی وزراء اسد عمر، حماد اظہر سمیت متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کو ہیلتھ بجٹ اور کورونا پر ریلیف پیکج سے متعلق آگاہ کیا جائے۔

بجٹ اجلاس میں بجٹ محصولات، زرمبادلہ بڑھانے ،درآمدی ڈیوٹی اور اشیاء خوردنوش پر ٹیکس کم کرنے کا پلان زیر بحث آئے گا۔ ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ بجٹ 21،202ء پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ جس میں معلوم ہوا ہے کہ نئے مالی سال میں آئی ایم ایف پروگرام دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ آئی ایم ایف پروگرام ستمبر تک محفوظ ہے جبکہ دسمبرکے اقتصادی جائزے میں مشکلات کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف کی تجویز ہے کہ آئندہ مالی سال5100 ارب روپے کا ہدف رکھا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ کورونا ختم ہوتے ہی بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔