وفاقی وزیر اسدعمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس.

کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور سمارٹ لاک ڈائون کی خلاف ورزیوں پر حکومتی ایکشن بارے بریفنگ صوبوں نے ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹس پیش کردی ، ڈاکٹر فیصل کی سربراہی میں خصوصی ٹیم کراچی پہنچ گئی

جمعہ 5 جون 2020 22:39

وفاقی وزیر اسدعمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس.
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2020ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور سمارٹ لاک ڈائون کی خلاف ورزیوں پر حکومتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔ ترجمان نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کے مطابق اجلاس کو بتایا گیاکہ مقامی انتظامیہ کی مدد کیلئے فوکل پرسن برائے انسداد کورونا ڈاکٹر فیصل سلطان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے جہاں اس نے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا ان کی ضروریات کا بھی جائزہ لیاگیا ۔

یہ ٹیم سول انتظامیہ کے ساتھ اپنے تجربات بھی شیئر کرے گی اور ان کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تمام تر وسائل اور سہولیات فراہم کی جائینگی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف صوبوں کی طرف سے ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹس بھی پیش کی گئیں اور بتایا گیاکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بلوچستان میں تین ہزار دکانیں بند کردی گئیں ہیں اس کے ساتھ ساتھ موثر آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے پنجاب کے حوالے سے آگاہ کیاگیا کہ خصوصی ٹیمیں مختلف مارکیٹوں بازاروں ٹرانسپورٹ اور صنعتی علاقوں کا دورہ کررہی ہیں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر لاہور ، فیصل آباد ، راولپنڈی ، گجرات اور ملتان میں دکانیں اور مارکیٹس سمیت انڈسٹری بند کردی گئی ہے ۔

ٹریفک پولیس دوران سفر ماسک نہ پہننے والوں کیخلاف کارروائی کررہی ہے اور انہیں آگاہی بھی دی جارہی ہے سول انتظامیہ کی مدد کیلئے تاجر تنظیموں کی مدد لی گئی ہے تاکہ ایس او پیز پر عملدرآمد ہو سندھ کی جانب سے بتایا گیاکہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے موثر میڈیا مہم جاری ہے اس کے ساتھ ساتھ چیکنگ کا نظام بھی بہتر طریقے سے کام کررہا ہے ۔

خیبر پختونخوا حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ بھی آگاہی مہم موثر انداز میں چلا رہے ہیں لوگوں میں ماسک تقسیم کئے گئے ہیں اور جو سرکاری دفاتر میں عملہ کام کررہا ہے ان کے لئے بھی ماسک پہننا لازمی قرار دیاگیا ہے ۔ انفرادی کی بجائے اجتماعی چیکنگ پر فوکس کیا جارہا ہے آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کے حوالے سے بتایا گیاکہ گلگت بلتستان میں نو ماسک نو سروس مہم چلائی گئی ہے 440 دکانوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کردیاگیا ہے خیبر پختونخوا حکومت نے بتایا کہ 24966دکانوں اور یونٹس کو چیک کیا گیا 6728کو وارننگ دی گئی 23604دکانوں کو جرمانہ کیاگیا اس کے علاوہ 35مارکیٹوں 8ٹرانسپورٹ اڈوں ، 305گاڑیوں کو جرمانے بھی کئے گئے ۔

این سی او سی نے وینٹی لیٹرز کے ہسپتالوں میں دستیابی کے حوالے سے پاک نگہبان کے نام سے ایپ بھی لانچ کردی ہے اور ملک بھر کے 1110ہسپتالوں کو اس ایپ سے منسلک کردیاگیا ہے اس ایپ کی مدد سے ایمرجنسی ہیلتھ کیئر ورکرز اورکوئی بھی شہری اپنے نزدیکی ہسپتال میں وینٹی لیٹرز اور بیڈز کی معلومات حاصل کرسکتا ہے