بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے نصیرآباد ڈیرہ مراد جمالی میں پانچ ہوٹلوں اور ایک بیکرز اینڈ بیکنگ یونٹ پر جرمانہ عائد کردیا

منگل 16 جون 2020 22:15

نصیر آباد+ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2020ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر نصیرآباد ڈیرہ مراد جمالی میں مختلف کھانے پینے کے مراکز کے معائنے کے دوران پانچ ہوٹلوں اور ایک بیکرز اینڈ بیکنگ یونٹ پر جرمانہ عائد کردیا۔ہوٹلوں کے خلاف کارروائی صفائی کے ناقص انتظامات ،خراب سبزیوں و دیگر اشیاء کی موجودگی ،ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے جبکہ بیکری کو غیر معیاری پروڈکشن ،زنگ آلود و گندی مشینری سمیت مختلف وجوہات کی بناء پر جرمانہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ علاقے میں موجود جنرل و ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کا بھی معائنہ کیا،اس دوران متعدد جنرل سٹورز سے ممنوعہ و مضر صحت گٹکا پان پراگ برآمد کر کے قبضے میں لے لیاگیا ، مراکز مالکان کو اپنی دکانوں میں آئندہ غیر معیاری و مضر صحت اشیاء خوردنوش فروخت نہ کرنے اور عوام کو محفوظ، صاف و شفاف اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

(جاری ہے)

فوڈ اتھارٹی حکام نے متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے جبکہ اشیاء خورد نوش کی تیاری و فروخت بارے مراکز مالکان اور ورکرز کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے خصوصی ہدایت نامے بھی دیے گئے۔واضح رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر عوام کی جانب نصیرآباد ڈیرہ مراد جمالی میں قائم ہوٹلوں میں صفائی کی ابتر صورتحال و غیر معیاری خوراک کی فراہمی کے حوالے سے شکایت کی گئی تھی جس کا نوٹس لیتے ہوئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے علاقے میں موجود ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، جنرل و سپر اسٹورز اور بیکرز کا معائنہ کیا،فوڈ اتھارٹی حکام نیمراکز مالکان کو خبردار کیا کہ وہ صفائی کی صورتحال کی اور لوگوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں بصورت دیگر آئندہ بی ایف اے ان کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی کرے گی۔

متعلقہ عنوان :