بھارت کا ہیلتھ کئیر سسٹم بری طرح ناکام،امریکی اخبار نے بھانڈا پھوڑ دیا

مسلسل ہسپتال کی تلاش میں نیلم کماری اور اس کے ہونے والے بچے نے زندگی کی بازی ہار دی،رپورٹ

منگل 23 جون 2020 15:36

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2020ء) لاک ڈان میں بھارت کا ہیلتھ سسٹم کورونا کے دبا میں آکر تباہ ہوگیا۔ امریکی اخبار نے مودی سرکار کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ اخبار نے لکھا ہے کہ دہلی میں حاملہ خاتون کو 15 گھنٹوں میں 8 ہسپتالوں نے داخل کرنے سے انکار کر دیا جس سے اس کی موت ہو گئی۔امریکی اخبار نے بھارت کے وبا کے دنوں کی ناکام پالیسی کی کلی کھول دی۔

اخبار نے لکھا ہے بھارت کا ہیلتھ کئیر سسٹم کورونا کے دبا میں چوک ہو گیا۔ حاملہ خاتون نیلم کماری کا قتل بھی اسی وجہ سے ہوا، نیلم کا شوہر اسے لے کر ہسپتالوں کے چکر لگاتا رہا، مسلسل ہسپتال کی تلاش میں نیلم کماری اور اس کے ہونے والے بچے نے زندگی کی بازی ہار دی۔نیلم کے شوہر کا کہنا تھا ڈاکٹرز اس کی مدد ہی نہیں کرنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

امریکی اخبار نے لکھا ہے نیلم کماری کا شوہر حاملہ بیوی کو لے کر دربدر بھٹکتا رہا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق نیلم کماری ہسپتال انتظامیہ اور عملے کی غفلت کی وجہ سے موت کا شکار ہوئی۔

نیلم کماری تنہا نہیں مری ایسی بہت سی خواتین بھارتی شہر حیدر آباد اور مقبوضہ کشمیر میں ایسی ہی غفلت سے موت کی وادی میں جا رہی ہیں۔اخبار نے لکھا ہے دہلی کے ہسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں اور طبی عملہ کورونا متاثرین کو ٹریٹ کرنے سے خوف زدہ ہیں۔