ملک بھر میں کورونا سے مزید 91افرا د چل بسے ، تعداد 4395ہوگئی

مجموعی کیسز دو لاکھ تیرہ ہزار 470ہوگئے ،ایک لاکھ آٹھ سو دو مریض صحتیاب

بدھ 1 جولائی 2020 13:07

ملک بھر میں کورونا سے مزید 91افرا د چل بسے ، تعداد 4395ہوگئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوںمیں مزید 91افراد کورونا وائرس کے باعث چل بسے جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 4395ہوگئی ،مجموعی کیسز دو لاکھ تیرہ ہزار 470ہوگئے ،ایک لاکھ آٹھ سو دو مریض صحتیاب ہوگئے ۔ بدھ کو ملک بھرمیں کورونا کیسزکے تازہ اعداد وشمار جاری کر دیئے گئے جس کے مطابق ملک بھر میں ایک لاکھ آٹھ سو دو مریض صحتیاب ہوگئے ،صحتیاب ہونے والے مریض ٹوٹل مریضوں کا نصف بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے 91 اموات ، 4133 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 4395 ہوگئی ۔ این سی اوسی کے مطابق ملک میں مجموعی کیسز 2 لاکھ 13 ہزار 470 ہوگئے۔ اعلامیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 22 ہزار 418 ٹیسٹ کیے گئے ، اعلامیہ کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ متاثرہ ،مریضوں کی تعداد 84640 ہوگئی ،پنجاب میں تعداد 76262 اورخیبرپختونخوا میں 26598 ہوگئی ، بلوچستان میں 10476 اوراسلام آباد میں 12912 رپورٹ ہوچکے ہیں ،آزاد جموں وکشمیر 1093 اورگلگت میں 1489 ہوگئی۔