پاکستانی فوجی لداخ میں موجود ہیں، بھارت کا دعویٰ

چین اور پاکستان مل کر بھارت میں کاروائی کر سکتے ہیں، پاکستان نے گلگت بلتستان کے علاقے میں فوجی دستے منتقل کرنا شروع کردیئے ہیں،بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر جھوٹا واویلا شروع کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 1 جولائی 2020 15:33

پاکستانی فوجی لداخ میں موجود ہیں، بھارت کا دعویٰ
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم جولائی ۔2020ء ) لداخ کے محاذ پر چین سے شکست کھانے اور ا سٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملے کے بعد بھارت کا واویلا عروج پر پہنچ گیا ہے۔ بھارت نے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا ہے،بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ چین اور پاکستان مل کر بھارت میں کاروائی کر سکتے ہیں۔انڈیا ٹوڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی فوج لداخ میں موجود ہے۔

بھارتی میڈیا واویلا کر رہا ہے کہ پاکستان نے گلگت بلتستان کے علاقے میں فوجی دستے منتقل کرنا شروع کردیئے ہیں۔پاکستان نے 20،000 اضافی فوجیوں کو شمالی لداخ میں تعینات کیا ہے۔ بھارت یہ بھی الزام عائد کر رہا ہے کہ چین کچھ تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کاروائی کر سکے۔

(جاری ہے)

بھارت الزام عائد کر رہا ہے کہ چین اور پاکستان مل کر بھارت میں کاروائی کے مواقع ڈھونڈ رہے ہیں۔

خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں کسی کاروائی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت جاری ہے۔بھارت اپنی قوم کو گمراہ کرنے کے لیے ایسی خبریں شائع کر رہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ کرکے بھارت میں اندرونی تخریب کاری کی کوشش کرسکتا ہے۔واضح رہے کہ بھارت نے حال ہی میں پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی ہے،تاہم پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر کیے جانے والا حملہ 8 منٹ میں ناکام بنا دیا گیا،وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی میں یہ بات واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ ہمیں کوئی شک نہیں کہ اس حملے کے پیچھے بھارت ہے۔

سرحدوں پر مسلسل ناکامیوں کے باعث مودی سرکار اپنی عوام کو گمراہ کرنے کے لیے پاکستان میں حملہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جب کہ ساتھ ساتھ یہ خبریں بھی پھیلا رہا ہے کہ پاکستان ہمارے ملک میں انتشار کی تیاری کر رہا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت اب فالس فلیگ آپریشن کے بہانے تلاش کر رہا ہے۔