پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،عسکری سیاسی قیادت کا عزم

وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کی مذمت، سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شرکاء کا اتفاق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 3 جولائی 2020 17:11

پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،عسکری سیاسی قیادت کا عزم
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی 2020ء) پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا،
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سمیت دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملک کی اندرونی بیرونی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم اہم انٹیلی جنس اطلاعات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں شرکاء نے اتفاق کیا کہ پاکستان کی سالمیت پرسمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے۔

سرحدوں کی حفاطت کیلئے پرعزم ہیں۔ ملک کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ اجلاس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کی مذمت کی گئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔