جمشید دستی نے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے اور وفاقی سیکرٹریز برائے داخلہ ومذہبی امور سے 9 جولائی تک جواب طلب کرلیا

ہفتہ 4 جولائی 2020 23:00

جمشید دستی نے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2020ء) سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سرکاری زمین اور حکومتی فنڈز پر مندر کی تعمیر کے خلاف مظفر گڑھ کی مقامی عدالت سے رجوع کرلیا۔جمشید دستی نے عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ مندر کی تعمیر کے لیے سرکاری زمین اور فنڈز مختص کیے جانے سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو اس کا شرعی اختیار نہیں ہے، ہندو یا دیگر اقلیتیں اپنی آبادیوں میں خود عبادت گاہیں بناسکتے ہیں، اس لیے سرکاری زمین کی الاٹمنٹ منسوخ اور تعمیر کے لیے فنڈز فراہم کرنے سے بھی روکا جائے۔مظفر گڑھ کی مقامی عدالت نے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای) اور وفاقی سیکرٹریز برائے داخلہ ومذہبی امور سے 9 جولائی تک جواب طلب کرلیا ہے۔