بارشوں کا امکان، نیپرا کی کے الیکٹرک کو ٹیمیں متحرک کرنے کی ہدایت

اتوار 5 جولائی 2020 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2020ء) کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کے باعث نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کو ٹیمیں متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ سال بارشوں میں نیپرا نے کرنٹ لگنے سی19 ہلاکتوں کا ذمہ دارکے الیکٹرک کو قراردیا تھا اور کے الیکٹرک پر 5 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا جس کا معاملہ عدالت میں ہے تاہم ہلاکتوں کے بعد کے الیکٹرک کو اپریل 2020 تک سسٹم کی ارتھنگ مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 80 فیصد ارتھنگ مکمل ہو سکی ہے ، نیپرا نے کے الیکٹرک کو مکمل سسٹم کی ارتھنگ 31 جولائی تک مکمل کرکے رپورٹ تھرڈ پارٹی سے تصدیق کے بعد جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت نیپرا نے رواں برس کسی ناخوشگوار واقعے سے پہلے ہی کے الیکٹرک کو الرٹ رکھنے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں آج رات سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں معتدل اور کچھ مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی رہے گا۔