فیاض الحسن چوہان کی کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر شہباز شریف کو مبارکباد

ْ(ن) لیگ کے صدرجس دھج سے ریلیف لینے عدالت گئے امید ہے نیب میں بھی حاضر ہونگے‘ وزیراطلاعات

اتوار 5 جولائی 2020 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2020ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کو کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرونا کے خاتمے کی جدوجہد میں اپنا لوہا منوایا ہے، امید ہے اب شہباز شریف بھی ان کی تقلید کرتے ہوئے فرنٹ فٹ پر کرونا کے خلاف جنگ لڑیں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کی عوام عثمان بزدار کو کرونا وائرس کے تدارک کے حوالے سے انتظامی صلاحیتوں پر نمبر ون قرار دے چکی ہے ۔ شہباز شریف اب ڈرائنگ روم میں بیٹھے (ن) لیگ کے ریموٹ کنٹرول قائد بننا چھوڑیں اور عملی دنیا میں قدم رکھیں، بطور قائد حزب اختلاف کرونا کے خلاف اخلاقی، سیاسی، مالی و قانونی محاذ پر لڑنا شہباز شریف کا فرض ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کرونا سے صحتیاب ہونے کے بعد امید ہے شہباز شریف کراچی سے خیبر تک پورے ملک میں کرونا کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئیں گے، اور جس دھج سے شہباز شریف ریلیف لینے عدالت گئے تھے امید ہے اسی دھج سے اب نیب میں بھی حاضر ہو کر اپنی چالیس سال کی لازوال، بے مثال، تابناک اور شاندار کرپشن کی تفتیش میں بھرپور تعاون کریں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اگر شہباز شریف کو کرونا کے خلاف جنگ میں رہنمائی چاہیے تو وہ سردار عثمان بزدار کی بہترین پرفارمنس سے سبق سیکھ سکتے ہیں۔