عزیر بلوچ جے آئی ٹی رپورٹ کو وفاقی اور سندھ حکومت نے تماشا بنادیاہے ، لیاقت بلوچ

ہفتہ 11 جولائی 2020 23:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے منصورہ اور لاہور میں رابطہ دفتر میں وفود سے ملاقاتوں میں کہاکہ عزیر بلوچ جے آئی ٹی رپورٹ کو وفاقی اور سندھ حکومت نے تماشا بنادیاہے ۔ بلدیہ آتشزدگی جے آئی ٹی کا بھی یہی حشر کیا گیا ۔ قانون اور انسانی جانوں کی انسان دشمن قوتوں کے سامنے کوئی حیثیت نہیں ۔

طویل مدت سے ملک میں بے اعتمادی ، الزام تراشیوں اور تحقیقات کی ہر محنت رائیگاں کرنے کا راج اور روش جاری ہے ۔حمود الرحمن کمیشن ، پاناما جے آئی ٹی ، آٹا چینی جے آئی ، پاور سکینڈل جے آئی ٹی اور اب عزیر بلوچ جے آئی ٹی کو ملیا میٹ کرنے کا راستہ اختیار کر لیا گیاہے ۔ بااختیار طبقہ اور اقتدار کا رسیا بگڑا اشرافیہ قانون کی بالادستی قبول کرنے کو تیار نہیں ۔

(جاری ہے)

ہر دور میں حکومتیں چوروں ، قاتلوں اور مافیا کی ساتھی بن جاتی ہیں ۔ ظلم کے راج کو ختم کرنے کے لیے عوام کو بیدار اور جہدوجہد کرنا ہوگی ۔لیاقت بلوچ نے انٹر نیشنل کشمیر فلسطین میں شرکت کی ۔ دس ممالک سے شخصیات اور دانش وروں نے نقطہ نظر کا ا ظہار کیا ۔ مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کیے بغیر عالم اسلام کو امن و استحکام اور وقار نہیں مل سکتا ۔

عالم اسلام کا انتشار مسلم عوام کے لیے اصل عذاب بناہواہے ۔ 5 اگست کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کے عوام بدترین لاک ڈائون اور مودی فاشزم کا شکار ہیں ۔ امریکہ اور صیہونی گٹھ جوڑ فلسطینیوں کو آزادی سے محروم کرنے کے لیے صدی کی بدترین ڈیل مسلط کر رہاہے ۔ اتحاد امت ہی مسائل کا حل ہے ۔ عالمی طاقتوں اور عالمی اداروں کو بے حسی ، جانبداری اور اسلام کے خلاف تعصبات کا رخ موڑنے کے لیے عالم اسلام کو اتحاد کی بنیاد پر سیاسی ، اقتصادی ، سائنس ، ٹیکنالوجی ، تعلیم اور دفاع کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنانے کے سوا کوئی راستہ نہیں ۔ جماعت اسلامی نے مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ کے دور سے لے کر اب ہمیشہ امت کے مسائل پر درد مشترک و قدر مشترک کی بنیاد پر آواز بلند کی ہے ۔