خنجراب سے اسلام آباد تک آپٹیکل فائبر نے کام شروع کردیا ہے، چئیرمین سی پیک اتھارٹی

دوسرے مرحلے میں اسلام آباد سے کراچی اور گوادر تک کیبلز بچھائی جائیں گی، آپٹیکل کیبلز کا کام ڈیجیٹل ہائی وے پلان کے تحت کیا جارہا ہے: لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا ٹویٹ

اتوار 12 جولائی 2020 17:15

خنجراب سے اسلام آباد تک آپٹیکل فائبر نے کام شروع کردیا ہے، چئیرمین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات وچیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ خنجراب سے اسلام آباد تک نئی آپٹیکل کیبل آپریشنلائز کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اپنی ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے میں اسلام آباد سے کراچی اور گوادر تک کیبلز بچھائی جائیں گی، آپٹیکل کیبلز کا کام ڈیجیٹل ہائی وے پلان کے تحت کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے آئی ٹی انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان اور خطے میں خوشحالی آئے گی۔ سی پیک کے فیز ون منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ سی پیک فیز ٹو میں نئے ریلوے ٹریک بنائے جائیں گے جس سے ریلوے کی کارکردگی اور رفتار میں تیزی آئے گی۔