اللہ کوحاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کوئی قتل نہیں کیا،عزیر بلوچ

میں بے گناہ ہوں۔ عدالت کے فرد جرم عائد کرنے کے استفسار پر عزیر بلوچ کا جواب

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 13 جولائی 2020 13:50

اللہ کوحاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کوئی قتل نہیں کیا،عزیر بلوچ
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-13جولائی2020ء) لیاری گینگ وار کے ارشد پپو قتل سمیت 16 مقدمات کی سماعت ہوئی۔عزیربلوچ،شاہ جہاں بلوچ اور دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔عزیز بلوچ کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نےجرم کیا ہے،فردجرم عائدکریں؟جس پر عزیر بلوچ نے کہا کہ میں بے گناہ ہوں۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نےاقبالی 164کابیان قلمبند کرایا ہے۔

عزیربلوچ نے عدالت میں بیان دیا کہ اللہ کوحاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کوئی قتل نہیں کیا۔خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تاجر کے اغواءبرائے تاوان اور قتل کے مقدمے میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ پر فرد جرم عائد کی تھی۔ تاہم ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا کیا ۔

(جاری ہے)

عزیربلوچ کوسخت سیکیورٹی میں چہرہ ڈھانپ کراور ہتھکڑی لگا کرپیش کیا گیا عدالت میں پیشی کے دوران فاضل جج نے مجرم کو فرد جرم پڑھ کر سنائی‘فرد جرم کے مطابق عزیر بلوچ پرعبدالصمد کے اغواءبرائے تاوان اور قتل کا الزام ہے ملزم نے 10 لاکھ روپے تاوان طلب کیا اور70ہزارروپے لینے کے باوجود مغوی کوقتل کیا جج نے استفسار کیا کہ کیا آپ جرم قبول کرتے ہیں. کٹہرے میں موجود عزیر بلوچ نے نفی میں سرہلا کرصحت جرم سے انکارکر دیا عدالت نے ملزم کے انکار پر آئی اواور گواہان کونوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو پیش کرنے کا حکم دیا‘ملزم کی پیشی کے موقع پر سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی عدالت میں رینجرز کی بھاری تعینات تھی مذکورہ مقدمے میں عزیر بلوچ کا بھائی زبیر بلوچ ودیگر گرفتار ہیں اور دیگر ملزمان پر پہلے ہی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے. خیال رہے کہ عزیر بلوچ کو30 جنوری 2016 میں رینجرز نے گرفتار کیا تھا ستمبر 2013 میں کراچی آپریشن شروع ہوا تو عزیر بلوچ علاقے سے فرار ہوگیا تھا عزیر بلوچ سے تحقیقات کے لیے 6 افسروں پر مشتمل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی. ملٹری کورٹ نے بھی اپریل2020 میں عزیر بلوچ کو 12سال قید کی سزا سنائی تھی‘ عزیر بلوچ کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت بھی 12سال قید کی سزا سنائی گئی ہے. چند روز قبل سامنے آنے والی 36صفحات کی جے آئی ٹی انکوائری رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے بابا لاڈلہ اور جبار لنگڑا کے ذریعے رزاق کمانڈو کے بھائی کو 2010 میں قتل کرایا تھا عزیر بلوچ نے کراچی کی شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں لسانی بنیادوں پر قتل اور جبار لنگڑا کے ذریعے شیرشاہ کباڑی مارکیٹ میں 11 افراد کو قتل کرانے کا بھی اعتراف کیا ہے. جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں قتل عام مخالف سیاسی جماعت کو بھتہ دینے کے شبے پر کیا عزیر بلوچ نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنے باپ کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے مارچ 2013 میں ارشد پپو کو قتل کرایا، اس کا کہنا ہے کہ پولیس افسران اورگینگسٹرز کی مدد سے اس نے ارشد پپو کو قتل کرایا تھا‘ملزم کا کہنا ہے کہ ارشد پپو کے قتل میں کئی پولیس انسپکٹرز کی مدد لی تھی، ارشد پپو کو اغوا کرنے کیلئے پولیس موبائل کا بندوبست انسپکٹر یوسف بلوچ نے کیا تھا.