بلدیاتی ادارے جمہوریت و جمہوری رویوں کو مضبوط بنیاد مہیا کرتے ہیں،لیاقت بلوچ

فوجی آمریتیں بلدیاتی اداروں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں،نائب امیرجے آئی

منگل 14 جولائی 2020 00:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی اور سیاسی انتخابی قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے مرکزی مشاورتی اور نیبر ہڈ بلدیاتی امیدواروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی ادارے جمہوریت اور جمہوری رویوں کو مضبوط بنیاد مہیا کرتے ہیں ۔ فوجی آمریتیں بلدیاتی اداروں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں اور پی پی پی ، مسلم لیگ ، پی ٹی آئی کے اپنے اندر جمہوریت نہیں اس لیے بااختیار بلدیاتی نظام دینا ان کی ترجیح نہیں ۔

جماعت اسلامی نے ہر دور میں ثابت کیاہے کہ اس کے نمائندے عوام کی بہتر خدمت کرتے ہیں ۔ بلدیاتی انتخابات کے لیے اعلیٰ عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا تو ضرور پٹیشن دائر کریں گے ۔ جماعت اسلامی کے امیدوار عوامی رابطے تیز کردیں ۔

(جاری ہے)

عوامی مسائل پر بھر پور آواز اٹھائیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسلامی پاکستان میں اسلام کی حکمرانی اور خوشحالی کے لیے اسلامی معاشی نظام ناگزیر ہے ۔

کرپٹ مافیا ملک پر راج کر رہاہے ۔ آٹا ،چینی ،انرجی پاور ،بجلی چوری ، پٹرول بحران کے ذریعے عوام کو ہی لوٹا جاتا ہے ۔ حکومت مافیا کی گاڈ فادر کا کام کر رہی ہے ۔ احتساب سب کا ناگزیر ہے ، غیر جانبدارانہ احتساب کے لیے بااعتماد نظام اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں ۔ ریاستی ادارے انجینئرڈ انتخابات کے نتائج دیکھ چکے ۔ عوام کا اعتماد بحال کیا جائے اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرائے جائیں ۔ جماعت اسلامی ملک گیر جدوجہد کرے گی ۔ اجلاس سے خالد احمد بٹ ، احمد سلمان بلوچ ، عامر نثار خان نے بھی خطاب کیا ۔