متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانیوں کو مزید 3 لیبارٹریوں سے کرونا ٹیسٹ کروانے کی اجازت مل گئی

امارات جانے کے خواہش مندوں کو چغتائی لیب کے علاوہ شوکت خانم ہسپتال لیبارٹری، آغا خان یونیورسٹی لیبارٹری اور اسلام آباد ڈائیگناسٹک سینٹر سے ٹیسٹ کروا کر رپورٹ جمع کروانا ہوگی

muhammad ali محمد علی بدھ 15 جولائی 2020 21:18

متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانیوں کو مزید 3 لیبارٹریوں سے کرونا ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانیوں کو مزید 3 لیبارٹریوں سے کرونا ٹیسٹ کروانے کی اجازت مل گئی، امارات جانے کے خواہش مندوں کو چغتائی لیب کے علاوہ شوکت خانم ہسپتال لیبارٹری، آغا خان یونیورسٹی لیبارٹری اور اسلام آباد ڈائیگناسٹک سینٹر سے ٹیسٹ کروا کر رپورٹ جمع کروانا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سے متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے کے لیے مسافروں پر لازم کیا گیا ہے کہ وہ کرونا ٹیسٹ کروا کر اس کی رپورٹ جمع کروائیں۔

کچھ روز قبل ایمرٹس ائیرلائن نے جاری ہدایات میں کہا تھا کہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات سفر کرنے والوں کو پاکستان کی چغتائی لیب سے کرونا ٹیسٹ کروا کر اس کی رپورٹ جمع کروانی ہوگی۔ تاہم اب پاکستان سے امارات جانے والے تمام ایئرلائنز کے مسافروں کو کرونا کی تشخیص کے لیے چار لیبارٹریز سے ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اب متحدہ عرب امارات جانے والے یا ٹرانزٹ پروازوں کے مسافر چغتائی لیب کے علاوہ شوکت خانم ہسپتال لیبارٹری، آغا خان یونیورسٹی لیبارٹری اور اسلام آباد ڈائیگناسٹک سینٹر سے کرونا ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔

اس سلسلے میں اماراتی ائیرلائن اتحاد ایئرویز کی جانب سے بدھ کو باقاعدہ ٹریول ایڈوائزی بھی جاری کی گئی جس میں مسافروں کو بتایا گیا کہ انہیں اتحاد ایئر ویز پر سفر کے لیے مذکورہ 4 لیبارٹریز سے کرونا ٹیسٹ کروانا ہوگا۔ اتحاد ائیرویز کل 16 جولائی سے پاکستان سے پروازوں کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے بھی چغتائی لیب کے علاوہ شوکت خانم، آغا خان اور اسلام آباد ڈائیگناسٹک کی رپورٹ بھی تسلیم کرے گی۔

پی آئی اے متحدہ عرب امارات کے لیے فضائی آپریشن بحال کر چکی ہے، پی آئی اے کی پاکستان سے دبئی، شارجہ، ابوظہبی اور العین کے لیے پروازیں روانہ ہورہی ہیں۔ اتحاد ائیر اور پی آئی اے کے علاوہ ایمرٹس ایئرلائن نے بھی پاکستان سے سفر کرنے والے مسافروں کو پاکستان میں 4 لیبارٹریوں سے کرونا ٹیسٹ کروانے کی اجازت دے دی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ امارات جانے والے تمام مسافروں کو پروازوں کی روانگی کے 96 گھنٹوں کے اندر مختص کردہ لیباریٹری سے کرونا ٹیسٹ کروانا لازم ہوگا اور منفی رپورٹ بورڈنگ کے وقت پیش کرنا ہوگی۔