سندھ میں کورونا وائرس سے متاثر پولیس ملازمین کی تعداد 2515 ہوگئی، ترجمان سندھ پولیس

کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات پر ڈیوٹی کی ادائیگی کے دوران اب تک 16پولیس افسران اور جوان شہید ہوچکے ہیں، ترجمان

جمعہ 17 جولائی 2020 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2020ء) سندھ میں کورونا وائرس سے متاثر پولیس ملازمین کی تعداد 2515 ہوگئی ہے۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران صوبے کی پولیس میں کورونا کے 155 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات پر ڈیوٹی کی ادائیگی کے دوران اب تک 16پولیس افسران اور جوان شہید ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

شہدائے پولیس میں 14 ملازمین کراچی سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ دو کا تعلق حیدرآباد پولیس رینج سے ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق 906 افسران اورجوان صحتیاب ہوکر گھر جاچکے ہیں جبکہ زیر علاج افسران اور جوانوں کی تعداد 1593 ہے۔کورونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات جاری ہیں۔ترجمان سندھ پولیس نے بتایاکہ کورونا کے خلاف ہراول دستے کے طور پر کام کرنے والے افسران اور جوان خدمت انسانیت کے لیے انتہائی پرعزم اور بلندحوصلہ ہیں۔