احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں میر شکیل الرحمن کے جوڈیشل ریمانڈ میں پانچ اگست تک توسیع کردی

منگل 21 جولائی 2020 23:11

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2020ء) لاہور کی احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں گرفتار نجی کاروباری شخصیت و نجی اخبار کے مالک میر شکیل الرحمن کے جوڈیشل ریمانڈ میں پانچ اگست تک توسیع کردی۔ عدالت نے کیس میں نواز شریف سمیت تین ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کر دئیے۔ احتساب عدالت کے جج اسد علی نے میر شکیل الرحمن کیخلاف دائر ریفرنس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر حارث قریشی نے بتایا کہ ایک ملزم میر شکیل الرحمن زیر حراست ہے، شریف بیرون ملک فرار ہیں، ہمایوں فیض رسول اور میاں بشیر احمد زیر حراست نہیں ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ جیلوں میں زیر حراست ملزمان کو کورونا ایس او پیز کے تحت 31 جولائی تک عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہا۔ اس لئے ملزم میر شکیل الرحمن کو بھی پیش نہیں کیا گیا۔عدالت نے ریفرنس سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نواز شریف، ہمایوں فیص رسول اور میاں بشیر سمیت تمام ملزموں کو طلب کر لیا۔